منشیات سمگلنگ تنازعہ ، بھارت نے 49 پاکستانی ٹرک ڈرائیوروں سمیت یرغمال بنا لئے ، حکومت پاکستان کی خاموشی ، ڈرائیوروں کے اہلخانہ اور تاجروں کا حکومت سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ

جمعرات 23 جنوری 2014 06:51

چناری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جنوری۔2013ء) منشیات سمگلنگ تنازعہ بھارت کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 49ڈرائیور اور ان کے ٹرک چھٹے روز بھی واپس نہ پہنچ سکے ، چھ روز گزرنے کے بعد بھی حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل خاموشی اور سفارتی سطح پر اس مسئلے کو حل نہ کرنے کی وجہ سے نہ صرف ٹرک ڈرائیوروں اور دونوں اطراف کے درمیان تجارت کرنے والے تاجروں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ جمعہ کے روز بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر سے جانے والے مال برادر ٹرک سے ایک ارب سے زائد مالیت کی ہیروئن برآمدگی کے بعد پیدا ہونے والے تنازعہ کے بعد بھارتی حکام نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے بھارت کی اس خاموشی کے باعث چھ روز سے دوطرفہ تجارت اوربس سروس معطل ہے جس کی وجہ سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف میں 76ٹرک ڈرائیور ، ٹرک اور بس سروس کے 55مسافر پھنسے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ وادی میں بدھ کے روز شدید برفباری کے باعث وہاں پھنسے آزاد کشمیر کے 49 ٹرک ڈرائیور شدید سردی میں مشکلات کا شکار ہیں اور وہ دن رات اپنے ٹرکوں کے اندر گزارنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔ ایل او سی ٹریڈ یونین آزاد کشمیر نے وفاقی حکومت بالخصوص وزیراعظم میاں نواز شریف اور مشیر خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 49 ٹرک ڈرائیوروں کو فی الفور واپس لانے کیلئے اپنی سفارتی کوششیں تیز کریں ۔

انہوں نے چھ روز سے حکومت پاکستان کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا ۔ دریں اثناء دونوں اطراف میں پھنسے ہوئے 76ٹرک ڈرائیور گزشتہ چھ روز سے اپنے اپنے گھروں میں نہ پہنچ سکنے کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ٹرک ڈرائیوروں کے اہلخانہ شدید ذہنی کیفیت کا شکار ہیں اہلخانہ نے بھی حکومت پاکستان سے اس مسئلے کے حل کیلئے وفاقی حکومت سے فی الفور سفارتی کوششیں کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :