جے یو آئی (ف) کا خیبرپختونخواہ میں متوقع احتجاج،جمعیت علمائے اسلام (ف) اور تحریک انصاف میں دوریاں ختم کرنے کیلئے ”مشترکہ دوست “متحرک ہوگیا، جماعت اسلامی کی بھی خدمات لی جائینگی،خیبرپختونخواہ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، آپسی جھگڑے کی بجائے عوام کی فلاح پر توجہ دی جائے، دوست کا مشورہ ،تحریک انصاف کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوسکتی، 26 جنوری کو خیبرپختونخواہ حکومت کے خلاف تاریخی احتجاج ہوگا، عوام کو پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دکھائینگے،جان اچکزئی

بدھ 22 جنوری 2014 06:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء) جے یو آئی (ف) کا خیبرپختونخواہ میں متوقع احتجاج،جمعیت علمائے اسلام (ف) اور تحریک انصاف میں دوریاں ختم کرنے کیلئے ”مشترکہ دوست “متحرک ہوگیا، جماعت اسلامی کی بھی خدمات لی جائینگی،خیبرپختونخواہ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، آپسی جھگڑے کی بجائے عوام کی فلاح پر توجہ دی جائے، دوست کا مشورہ ، جبکہ ترجمان جے یو آئی (ف) جان اچکزئی نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوسکتی، 26 جنوری کو خیبرپختونخواہ حکومت کے خلاف تاریخی احتجاج ہوگا، عوام کو پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دکھائینگے ۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان تحریک انصاف میں دوریاں ختم کرنے کیلئے ”مشترکہ دوست“ متحرک ہوگیا ہے تاکہ دونوں جماعتوں میں پڑنے والی خلیج کو کم کیا جاسکے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں جماعت اسلامی کی خدمات بھی لی جائیں گی کیونکہ فی الوقت جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت ہے اور تحریک انصاف کے ساتھ اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہے جبکہ دوسری جانب ماضی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ساتھ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم پر اکٹھا کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے ذرائع کے مطابق مشترکہ دوست کا موقف ہے کہ چونکہ خیبرپختونخواہ میں امن وامان کی صورتحال ابتر ہے اور اگر جمعیت علمائے اسلام (ف) صوبائی حکومت کیخلاف سڑکوں پر آگئی تو اس سے معاملات زیادہ خراب ہونے کا احتمال ہے اور سب سے زیادہ متاثر عوامی فلاحی منصوبے ہونگے اس لئے آپسی جھگڑوں کو ختم کرکے عوام کی فلاح و بہبو د پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے موقف جاننے کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان جان محمد اچکزئی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف سے مفاہمت کی باتیں بے بنیاد ہیں خیبرپختونخواہ حکومت کو عوامی فلاح سے کوئی سروکار نہیں ہے اور وہ نئے نئے اقتدار کے نشے میں ہے عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھلا چکی ہے انہوں نے کہاکہ 26 جنوری کو صوبائی حکومت کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا اور عوام کو تحریک انصاف کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔