الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں بائیومیٹرک سسٹم پر تحفظات کا اظہار کردیا

بدھ 22 جنوری 2014 06:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بائیو میٹرک سسٹم پر کرانے کیلئے تحفظات کا اظہار کردیا اور ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے تحفظات کو فوراً دور کیا جائے۔

(جاری ہے)

منگل کے روز ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت صوبے میں بلدیاتی انتخابات بائیو میٹرک سسٹم پر کرانے کی خواہاں ہے لیکن الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں بائیومیٹرک سسٹم پر تحفظات کا اظہار کردیا الیکشن کمیشن نے موقف ظاہر کیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں بارہ لاکھ ایسے ووٹرز موجود ہیں جن کے انگوٹھوں کے نشانات کے ریکارڈ نادرا کے دفاتر میں موجود نہیں ہیں اور پچاس ہزار سے زائد تربیت یافتہ افراد کا اسٹاف درکار ہوگا جو کہ بائیومیٹرک سسٹم چلائے گا اور اس کے علاوہ اس پر ڈیڑھ ارب خرچ ہوگا تو پھر سارا انتخابی عمل ناکام ہوجائے گا اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نادرا اور خیبرپختونخواہ حکومت کو تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد اگلے اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخواہ اور الیکشن کمیشن کے حکام فیصلہ کریں گے کہ خیبرپختونخواہ میں بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال کیا جائے یا پھر نہیں۔