مذہبی جماعتوں نے سودی نظام کیخلاف ایکا کرلیا،جلد سودی نظام کیخلاف تحریک چلائے جانے کا امکان

بدھ 22 جنوری 2014 06:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء)مذہبی جماعتوں نے سودی نظام کیخلاف ایکا کرلیا، جلد سودی نظام کیخلاف تحریک چلائے جانے کا امکان۔ باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “ کوبتایا کہ تمام مکاتب فکر کی جماعتوں نے ملک میں جاری سودی کاروبار کیخلاف موثر آواز اٹھانے کا فیصلہ کرلیاہے اور اس سلسلے میں مذہبی جماعتوں کا اہم اجلاس بھی چند روز میں متوقع ہے جس میں حتمی شکل دی جائیگی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا تاکہ ملک سے سودی نظام کے خاتمے کویقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مذہبی جماعتیں حکومت کی جانب سے یوتھ پروگرام پر بھی تنقید کررہی ہیں کیونکہ ان جماعتوں کے مطابق حکومت کی اس طرح کی کاوشیں ملک میں سودی نظام کوفروغ دینے کا سبب بنتی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم یوتھ پروگرام کا اعلان کیاگیا ہے تاکہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو کاروبار کے ذریعے باروزگار بنایا جاسکے جبکہ جماعة الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ سعید بھی حکومت سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ یوتھ پروگرام کو سود سے پاک کیا جائے کیونکہ اسلام میں سود کا لین دین حرام ہے۔