ملک میں آخری پولیو وائرس اور کیس کی موجودگی تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی،صدرممنون حسین کا اعادہ ، بزدلانہ حملے ہمارے اور قوم کے عزم کو متاثر نہیں کر سکتے،آنے والی نسلوں کو معذوری کی دلدل میں دھکیلنے والے ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،بیان ،قطر کے لئے نامزد سفیر کی بھی صد ر سے ملاقات

بدھ 22 جنوری 2014 06:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں آخری پولیو وائرس اور کیس کی موجودگی تک ملک بھر میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی،اس مرض پر قابو پانے اور ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا ۔منگل کے روز ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں صدر مملکت ممنون حسین نے انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں سے متعلق سخت تشویش کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ بزدلانہ حملے ہمارے اور قوم کے عزم کو متاثر نہیں کر سکتے، ملک کو پولیو وائرس سے پاک کرنے تک انسداد پولیو مہم جاری رہے گی، انہوں نے مزید کہا کہ آنے والی نسلوں کو معذوری کی دلدل میں دھکیلنے والے ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے کراچی اور مانسہرہ میں انسداد پولیو ورکرز پر حملے کی شدید مذمت بھی کی گئی۔

صدرنے صوبائی حکومت پرزوردیا کہ وہ پولیو ورکرز کے تحفظ کیلئے مربوط اقدامات کرے تاکہ وہ کسی خطرے اور رکاوٹ کے بغیر اپنا کام کر سکیں ۔ دریں اثناء ادھرقطر کے لئے نامزد سفیر شہزاد احمد نے منگل کو اسلام آباد میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے کام کریں۔

متعلقہ عنوان :