وزیراعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ سی ایم ایچ کا دورہ،راولپنڈی حملہ کے زخمیوں کی عیادت کی،انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے،نوازشریف کو تحقیقات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی،دہشت گردوں کو ایسی سزا دی جائے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں کہ نوازشریف بھی کوئی وزیراعظم آیا تھا،زخمیوں کا وزیراعظم سے عیادت کے موقع پر مطالبہ

بدھ 22 جنوری 2014 06:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے منگل کو راولپنڈی میں سی ایم ایچ ہسپتال کا دورہ کیا اور راولپنڈی خود کش حملے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے ،اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کواس موقع پر راولپنڈی دھماکے کے تحقیقات میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے راولپنڈی کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کا دورہ کیا ۔وزیراعظم اور آرمی چیف نے جوانوں کے عزم اور حوصلے کو بھی سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف نے کہا کہ ملک اور قوم کو بہادر جوانوں پر فخر ہے اور دہشت گردوں کو اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اس کے علاوہ وزیراعظم اور آرمی چیف کو راولپنڈی خود کش حملہ سمیت تازہ ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے واقعات کے زخمیوں نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ایسی سزا دی جائے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں کہ نوازشریف بھی کوئی وزیراعظم آیا تھا۔ وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سی ایم ایچ راولپنڈی میں آر اے بازار کے زخمیوں کی عیادت کی اور انتظامیہ نے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف منگل کی صبح ہیلی کاپٹر کے ذریعے جی ایچ کیو پہنچے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی ان کے ہمراہ تھے آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں وزیراعظم کا استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم اور آرمی چیف سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچے جہاں انہوں نے بنوں میں ہونے والے خود کش حملے کے زخمیوں کی عیادت کی اور پھر پیر کی صبح راولپنڈی کے آر اے بازار میں ہونیو الے حملے میں زخمیوں کی عیادت کی ۔

وزیراعظم نے باری باری زخمیوں سے ان کا حال پوچھا اس موقع پر زخمیوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور سویلین زخمیوں نے وزیراعظم کو دھماکے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اب بہت ہوگئی ہے لوگ ہمارے جوانوں ‘ بچوں اور بے گناہ لوگوں کو مارتے ہیں، انہیں ایسی سزا دی جائے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں کہ پاکستان میں وزیراعظم نواز شریف بھی آیا تھا، سویلین زخمیوں کے جذبات میں خاصی گرمی نظر آرہی تھی، نواز شریف نے آئی سی یو میں شدید زخمیوں کی بھی عیادت کی وزیراعظم ڈیڑھ گھنٹہ تک ہسپتال میں رہنے کے بعد واپس روانہ ہوئے۔