ڈھاکہ، تحریک طالبان پاکستان کے تین ارکان بنگلہ دیش سے گرفتار

منگل 21 جنوری 2014 05:36

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء)بنگلہ دیش پولیس نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے تین مبینہ ارکان کو ڈھاکہ سے گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے ایک لیپ ٹاپ برآمد کر لیا ہے جس میں سے اہم شواہد ملے ہیں۔بنگالی پولیس کے مطابق گرفتار افراد عثمان،مہمند اور فخردل کو گزشتہ رات ڈھاکہ سے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے اعتراف جرم کیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے اس کو بھرتی کیا تھا۔

ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس کے ترجمان فیض الاسلام نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ہم نے سیک پلہ اکیڈمی کے سامنے تین افراد کو گرفتار کیا ہے اور انہوں نے اعتراف جرم کیا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ارکان ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ابھی ہم ان سے مزید معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ کس مقصد کے لئے یہاں آئے تھے۔

(جاری ہے)

ابتدائی معلومات میں معلوم ہوا ہے کہ انہیں کچھ مقامی لوگوں نے مدد فراہم کی ہے۔ فیض الااسلام کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ انتخابات کے موقع پر جہادی مشن میں بنگلہ دیش آئے تھے مگر بعد میں ان کی تنظیم نے ان کو میانمر جانے کو کہا تھا ۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ برآمد ہوا ہے جس میں سے اہم معلومات ملی ہیں۔تینوں افراد کی عمریں25 سے 50 سال کے درمیان ہیں اور انہیں آج مقامی کورٹ کے سامنے پیش کیا جائیگا تا کہ مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کر سکے۔