عمران خان دہشتگردی کی مذمت تو کرتے ہیں ، ان کا نام لینے سے گھبراتے ہیں ، پرویز رشید ،تحریک انصاف صوبہ خیبر پختونخوا ہ میں بجلی کے بلز کی وصولی سو فیصد یقینی بنائیں ، بچوں کووپولیو کے قطرے پلانے پر توجہ دیں ، دنیا میں پشاور پولیو کے حوالے سے مشکوک ہوگیا ہے ، میڈیاسے گفتگو

منگل 21 جنوری 2014 05:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان دہشتگردی کی مذمت تو کرتے ہیں لیکن دہشتگردوں کا نام لینے سے گھبراتے ہیں کیونکہ نام لینے سے ڈرتے ہیں ، صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی کے بلز کی وصولی سوفیصد یقینی بنائیں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر توجہ دیں کیونکہ دنیا میں پشاور پولیو کے حوالے سے مشکوک ہوگیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے کیونکہ انہیں صوبہ خیبر پختونخواہ کی ناقص کارکردگی نظر نہیں آرہی انہوں نے کہا کہ دنیا کی پشاور میں پولیو کا وائرس پھیلنے پر تشویش پائی جاتی ہے صوبے کے بچوں کو موذی مرض سے تو پہلے محفوظ بنائیں بعد میں حکومت پر تنقید کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کی کارکردگی کو دیکھیں اور بجلی کے بلز کی وصولی کو سو فیصد یقینی بنائیں خالی باتیں نہ کریں کیونکہ عوام شعور رکھتی ہے کہ کس حکومت کی کارکردگی اچھی اور بری ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی پوائنٹ سکورنگ نہ کریں حقیقت پرمبنی بات کریں تو بہتر ہے ۔