جی ایس پی پلس، یورپی یونین کے اعتماد کا مظہر ہے،صدر ممنون حسین ، جی ایس پی پلس کی سکیم سے پاکستان کی برآمدات میں صرف اضافہ ہی نہیں معیشت کو بھی تقویت ملے گی،یورپی سفیروں سے ملاقات

منگل 21 جنوری 2014 05:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنا ' پاکستانی مصنوعات کی قیمتوں اور اْنکے معیار پر یورپی یونین کے اعتماد کا اظہار ہے۔ پیر کے روز اسلام آباد میں یورپی یونین میں شامل ملکوں کے سفیروں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کی سکیم سے پاکستان کی برآمدات میں صرف اضافہ ہی نہیں ہوگا بلکہ اْس کی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے میں مسلسل تعاون اور حمایت پر یورپی کمیشن ' یورپی کونسل اور یورپی پارلیمنٹ کے تما م اداروں اورارکان کی تعریف کی۔ممنون حسین نے پاکستان میں جمہوری دور کی واپسی کے بعد پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں اضافے کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفیر ویگ مارک گیونارلس نے پاکستان کی معیشت کو پھر سے پاؤں پر کھڑا کرنے میں یورپی یونین کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔