کراچی ، کالعدم تنظیموں کے خلاف رینجرز کا بڑے پیمانے پر آپریشن شروع ، فضائی نگرانی کے لئے ہیلی کاپٹر کا بھی استعمال ،ٹارگٹ کلرز سمیت27 ملز مان گرفتار ،فائرنگ کے واقعات میں دو خواتین سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے

پیر 20 جنوری 2014 05:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء) کراچی میں کالعدم تنظیموں کے خلاف رینجرز نے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ،آپریشن کی فضائی نگرانی کے لئے ہیلی کاپٹر کو بھی استعمال کیا گیا ۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں کار روائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلرز سمیت ستائیس ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ فائرنگ کے واقعات میں دو خواتین سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار یک روز منگھو پیر کنواری کالونی میں رینجرز کے ایک ہزار اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ کارروائی میں انسداد دہشت گردی کا دستہ بھی شامل ہوا جبکہ آپریشن کی فضائی نگرانی بھی کی گئی۔ ادھر لیاری سے کالعدم تنظیم کے کارکن قاری سراج اور اس کے دو ساتھیوں کو پکڑ لیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ کار روائی گرفتار پولیس اہلکار سرور بلوچ کی نشاندہی پر کی گئی۔

رینجرز نے بھی لیاری میں ایک کار روائی کے دوران مبینہ ٹارگٹ کلر اور تین جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے دو کلا شنکوف اور تین پستول بر آمد ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے لیاری کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران گینگ وار سے تعلق رکھنے والے چودہ ملزموں کو حراست میں لے کر ان سے اسلحہ بھی بر آمد کر لیا۔

چار سو کوارٹر سے بھی ٹارگٹ کلرز سمیت تین ملزموں کو پکڑ لیا گیا۔ کورنگی انڈسڑیل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ٹارگٹ کلر مارا گیا۔ کارروائی کے دوران دو ملزم گرفتار بھی کیے گئے۔ حساس ادارے کی نشاندہی پر دہشتگردوں اور گینگ وار ملزموں کو اسلحہ فراہم کرنے والا پولیس اہلکار سرور بلوچ بھی پکڑا گیا۔ شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص شعیب جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

لی مارکیٹ میں ایک شہری ڈاکٹر پشپ کو قتل کر دیا گیا۔ لیاری میں فائرنگ اور دستی بم حملوں میں ایک خاتون عظمیٰ جاں بحق اور تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔ لیاری کھڈا مارکیٹ کے قریب سے ایک نا معلوم شخص کی لاش ملی ہے جبکہ لیاقت آباد سی ایریا میں فائرنگ سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :