وفاقی کابینہ (آج) خصوصی اجلاس میں ملکی سیکورٹی پالیسی کی منظوری دے گی،کابینہ بھارت سے بجلی کی درآمد سمیت دیگر امور کا بھی جائزہ لے گی

پیر 20 جنوری 2014 05:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کاایک خصوصی اجلاس (آج)پیر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں ملکی سلامتی پر غور کے بعد اس کی منظوری دی جائے گی۔وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اجلاس کو سیکورٹی پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ یہ پالیسی تین حصوں پر مشتمل ہے جس میں ایک حصہ کو خفیہ رکھا جائے گا جبکہ باقی دو حصے عوام کیلئے جاری کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بھارت سے بجلی درآمد کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔ وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزارت دفاع، وزارت داخلہ، وزارت پانی وبجلی اور وزارت بین الصوبائی روابط کے ایجنڈے زیرغور آئیں گے۔ اجلاس میں ملکی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ حکام نئی سیکورٹی پالیسی اور ملک میں امن وامان کی صورتحال پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :