غازی عبدالرشید قتل کیس، پرویز مشرف کو استثنیٰ دینے کی درخواست منظور، آئندہ سماعت پر ملزم کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ طلب ، مدعی مقدمہ اور ان کے وکیل کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست پر عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آبادسے جواب طلب کر لیا ،مقدمہ کی سماعت یکم فروری کو ہوگی

اتوار 19 جنوری 2014 06:35

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء) اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کو استثنیٰ دینے کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزم کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ طلب کر لی ہے،مقدمہ کی سماعت یکم فروری کو ہوگی جبکہ مدعی مقدمہ ہارون الرشید غازی اور ان کے وکیل کو سیکورٹی خدشات کی بناء پر مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کی درخواست پر عدالت نے اگلی سماعت پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آبادسے جواب طلب کر لیا ہے۔

ہفتہ کے روز لال مسجد آپریشن کے دوران قتل ہونے والے غازی عبدالرشید اور ان والدہ کے قتل کے مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ اسلام آباد واجد علی خان نے کی۔سماعت کے موقع پر عدالت نے ملزم کی حاضری بارے وکیل صفائی سے استفسار کیا جس پر الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر موٴقف اختیار کیا کہ ان کے موٴکل پرویز مشرف شدید علالت کی حالت اے ایف آئی سی راولپنڈی میں زیر علاج ہیں جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، جس پر عدالت نے وکیل صفائی کو ملزم کی مکمل میڈیکل رپورٹ پیش کرنے فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے کے احکامات صادر کیے،اس پر الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے موٴقف اختیار کیا کہ وہ میڈیکل رپورٹ اپنے ہمراہ لا نہیں سکے اور اس کے علاوہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے باعث میڈیکل رپورٹ آج ہی پیش کرنے ممکن نہیں لہذا کچھ مہلت دی جائے جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی ہے اور اگلی سماعت پر سابق صدر کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مقدمہ کی سماعت کے موقع پر مدعی مقدمہ کے وکیل عبدالحق ایڈووکیٹ کی جانب سے عدالت میں ایک الگ درخواست دی گئی جس میں انہوں نے آئین کے آرٹیکل 25 ریاست کے ہر شہری کو مساوی حقوق فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے مگر اس کے برعکس بار بار وفاقی پولیس کو درخواست دینے کے باوجود مدعی مقدمہ اور ان کے وکیل کو قتل کی دھمکیوں اور شدید سیکیورٹی خدشات کے باوجود مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی، لہذا وفاقی پولیس کو احکامات جاری کیے جائیں کہ مدعی مقدمہ اور ان کے وکیل کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے جس پر عدالت نے مذکورہ درخواست کی کاپی ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کو بھیجنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان سے اگلی سماعت پر جواب طلب کر لیا ہے۔

مقدمہ کی آئندہ سماعت یکم فروری کو ہوگی۔