خیبر پختونخواہ حکومت کرپٹ وزیروں کو تحفظ فراہم کرنا چھوڑ دے ، عابد شیر علی ،صوبائی حکومت بجلی کے پیسے نہیں دے گی تو بجلی نہیں ملے گی ،کے پی کے بہت سے علاقے پیسکو ملازمین کیلئے نو گو ایریاز بن چکے ہیں ، صرف10فیصد لوگ بجلی کا بل دیتے ہیں، عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں سپین باؤلنگ ہمیں بھی کرانا آتی ہے ، ڈیم پاکستانی عوام کی ملکیت ہیں ، کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہیں ، ٹرانسپرنسی کی باتیں کرنے والے اب کہاں گئے ، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے خیبر پختونخواہ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کرپٹ وزیروں کو تحفظ فراہم نہ کرے ، کے پی کے حکومت بجلی کے پیسے نہیں دے گی تو بجلی نہیں دینگے ، عمران خان کی حکومت نے میرے خلاف مہم شروع کررکھی ہے ، کے پی کے کے کچھ علاقے پیسکو ملازمین کیلئے نو گو ایریاز بن چکے ہیں ،عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ سپین باؤلنگ ہمیں بھی کرانا آتی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیم پاکستانی عوام کی ملکیت ہے کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت بجلی چوروں کو تحفظ فراہم کررہی ہے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون کی بجائے دھمکیاں دی جارہی ہیں اور میرے خلاف میڈیا میں مہم چلائی جارہی ہے صوبائی تعصب سے بالاتر ہوکر کام کرینگے خیبر پختونخواہ میں اگر پیسکو ملازمین کارروائی کرنے کیلئے جائیں تو انہیں ڈنڈے مارے جاتے ہیں اور اغواء کرکے تاوان طلب کیا جاتا ہے صرف خیبر پختونخواہ کے عوام کا حق مانگ رہا ہوں خیبر پختونخواہ میں صرف دس فیصد لوگ بجلی کا بل ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہد فرمان اصل میں نافرمان شاہ ہیں وہ اپنے علاقے میں مسجدوں میں اعلان کررہے ہیں کہ بجلی کے بل نہ دیئے جائیں اگر کے پی کے کے عوام بجلی کے بل نہیں دیگی تو بجلی بھی ان کو نہیں ملے گی۔ خیبر پختونخواہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی چوروں کے محافظ شاہ فرمان سے فوری طور پر استعفیٰ لے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخواہ حکموت کو مفت بجلی چاہیے تو عمران خان وہاں اپنے ڈیم بنائیں عمران خان ٹرانسپرنسی کی باتیں کرتے ہیں آج ہمیں بتائیں کہ خان صاحب کی ٹرانسپرنسی کہاں گئی ہے عمران خان کو بتانا چاہتا ہوں کہ سپین باؤلنگ ہمیں بھی کرانا آتی ہے انہوں نے کہا کہ ڈیم پاکستانی عوام کی ملکیت ہے کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے ۔