وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے سری لنکا کے وزیر آبپاشی کی ملاقات ، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ، تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی ،پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں ،باہمی تجارتی حجم کے اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں ، جامع اقتصادی پالیسی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا ، عالمی فورمز پر سری لنکا کی حمایت جاری رکھی جائے گی ،وزیراعظم نواز شریف، پرجوش استقبال کر نے اور سری لنکن صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا خیر مقدم کرتے ہیں ،دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے ، سر سری لنکن وزیرنمل سری پال ڈی سلوا

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے سری لنکا کے آبپاشی کے وزیر نمل سری پال ڈی سلوا کی ملاقات ، دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی ۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم محمد نواز شریف سے سری لنکا کے آبپاشی کے وزیر نمل سری پال ڈی سلوا نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسری لنکا کے دوستانہ قریبی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کا فروغ چاہتی ہے جبکہ محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارتی حجم کے اضافے کے وسیع تر امکانات موجود ہیں اور دونوں ملکوں کو جامع اقتصادی پالیسی معاہدے کو 2016ء تک حتمی شکل دینے کیلئے کام کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی اور نجی شعبوں کی ترقی کیلئے دونوں ملکوں کومل کر کام کرنا ہوگا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز پر سری لنکا کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے دوطرفہ تجارتی حجم کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے وزیراعظم نے سری لنکا کے صدر مہندا راجا پکسے کے ساتھ نیویارک اور کولمبو میں ہونے والی ملاقاتوں کا بھی حوالہ دیا ہے اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی ۔

انہوں نے بین الاقوامی فورم پر سری لنکا کی معاونت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا جبکہ سری لنکا کے آبپاشی کے وزیر نے بھی وزیراعظم کی تمام گفتگو سے اتفاق کیا اس کے علاوہ وزیراعظم محمد نواز شریف سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پاکسے کو بھی پاکستان دورے کی دعوت دی اس موقع پر سری لنکن وزیر نے وزیراعظم کی جانب سے پرجوش استقبال کرنے پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فرو غ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے اور دونوں ملکوں کی قیادت اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک کی عوام کو بھی فائدہ حاصل ہوگا ۔