رینٹل پاور کیس، احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ، راجہ پرویز اشرف کا صحت جرم سے انکار ، رینٹل پاور کیس میں فرد جرم پیپرا قوانین کی خلاف ورزی،ای سی سی سے منصوبے کی منظوری لیتے ہوئے صحیح حقائق فراہم نہ کرنا ، مشینری کو شفٹ کراتے وقت 75 لاکھ روپے کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے ، سابق وزیراعظم نے بجلی گھروں میں کوئی مالی فائدہ حاصل نہیں کیا ،الزامات بے بنیاد ہیں ثابت ہوگیا انہوں نے ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا ، فاروق ایچ نائیک ، میرا میڈیا ٹرائل انتہائی افسوسناک ہے ،میری کردار کشی کی جارہی ہے ، جلد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا ، عدالتوں سے انصاف کی توقع ہے ، راجہ پرویز اشرف

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء) رینٹل پاور کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی ، سابق وزیراعظم نے صحت جرم سے انکار کردیا ۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف نوڈیرو (2) پروجیکٹ کے حوالے سے مالی اور انتظامی بے قاعدگی کے الزام میں کیس کی سماعت جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جبکہ کیس میں اقبال زیڈ احمد اور این ایم بیگ کا نام نکال دیا گیا ہے ۔

سابق وزیراعظم نے صحت جرم سے انکار کردیا ۔ سابق وزیراعظم کیخلاف تین بنیادی نکات پر فرد جرم عائد کی گئی ہے جس میں انہوں نے رینٹل پاور کیس میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی ، فرد جرم میں دوسرا الزام یہ لگایا گیا ہے کہ ای سی سی سے جب منصوبے کی منظوری لی گئی تو اس کو صحیح حقائق فراہم نہیں کئے گئے جبکہ تیسرا الزام مشینری کو شفٹ کراتے وقت 75 لاکھ روپے کرپشن کا الزام لگایا گیا ۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد ہونے کے بعد راجہ پرویز اشرف کے وکیل جو فاروق ایچ نائیک کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے بھی وکیل ہیں انہوں نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راجہ پرویز اشرف نے کرائے کے بجلی گھروں میں کوئی مالی فائدہ حاصل نہیں کیا الزامات بے بنیاد ہیں ثابت ہوگیا ہے کہ انہوں نے ملکی خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا فرد جرم میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور ان پر تین الزامات لگائے گئے ہیں جن میں وہ جلد بری ہوجائینگے ۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میرے خلاف بغیر ثبوت کے الزامات لگائے گئے ہیں میڈیا میں میری کردار کشی کی جارہی ہے میڈیا ٹرائل افسوسناک ہے میں نے ایمانداری سے اپنا فرض نبھایا 22ارب کرپشن کا الزام غلط ہے جلد دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا زیادہ دیر بات نہیں کرسکتا کیس عدالت میں ہے عدالت سے انصاف کی توقع رکھتا ہوں ۔