کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے3کارکنوں، جمعیت علماء اسلام سمیع الحق کے3رہنماوٴں سمیت8افراد جاں بحق، طالبان نے نجی ٹی وی چینل پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)کراچی کے علاقے شارع فیصل پر عوامی مرکز کے سامنے گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علماء اسلام(سمیع الحق ) کے 3کارکن جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ،واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں شارع فیصل پر بلوچ کالونی کی طرف جاتے ہوئے عوامی مرکز کے سامنے گاڑی پر فائرنگ سے 4افراد زخمی ہوگئے ۔

پولیس کے مطابق گاڑی پر موٹر سائیکل سواروں نے2اطراف سے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔واقعہ کے بعد زخمیو ں کو طبی امداد کے لئے جناح اسپتال کراچی منتقل کیا جارہا تھا کہ 3افراد راستے میں ہی دم توڑ گئے جب کہ ایک زخمی کی حالت بھی تشویش ناک ہے ۔پولیس کے مطابق زخمی شخص کی شناخت زاہد اقبال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ جاں بحق ہونے والے 3افراد میں ایک کو مفتی عثمان کے نام سے شناخت کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق جمعیت علماء اسلام (سمیع الحق ) گروپ سے ہے اور چاروں افراد تنظیمی دورے پر تھے ۔واقعہ کے بعد شارع فیصل پر خوف وہراس پھیل گیا ۔پولیس نے واقعہ کی تفتیش شرو ع کر دی ہے ۔اس سے قبل دستگیر کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ لیاری کوئلہ گودام کے قریب بھی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، کراچی کے علاقے ناظم آباد میں نجی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ، 3افراد جاں بحق ، قتل ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیور، گارڈاور ایکسپریس نیوز کے ٹیکنیشن شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب نامعلوم افراد نے نجی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار ڈرائیور ،گارڈ اور ٹیکنیشن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق واقع کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت ڈرائیور خالد اور ٹیکنیشن وقاص کے نام سے ہوئی ہے جبکہ سیکورٹی گارڈ کی فوری طور پر شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔

پولیس کے مطابق واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے۔کالعدم تحریک طالبان نے کراچی میں نجی ٹی وی چینل کی گاڑی پرحملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔نجی ٹی وی کے مطابق نامعلوم مقام سے ترجمان کالعدم تحریک طالبان نے نجی ٹی وی سے ٹیلی فونک گفتگومیں گاڑی پرحملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاکہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افرادٹی ٹی پی کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف تھے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر ادریس بختیار اور جنرل سیکرٹری رفعت قادری کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران اور سیکرٹری پریس کلب عامر لطیف نے کراچی میں ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ میں ایکسپریس نیوز کے ٹیکنیشن سمیت3افراد کے قتل پر افسوس کا اظہار،واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔

جمعہ کی شب کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ کے واقعہ میں ایکسپریس نیوز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایکسپریس نیوز کے ٹیکنیشن ،سیکورٹی گارڈ اور ڈرائیور جاں بحق ہوگئے ۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر ادریس بختیار، جنرل سیکرٹری رفعت قادری کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ،سیکرٹری پریس کلب عامر لطیف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وصوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث افرادکو فوری گرفتار کیا جائے ۔

صحافی رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں میڈیا دفاتر اور ان سے وابستہ افراد کی حفاظت کے اقدامات اٹھائیں۔ایکسپریس نیوز کی گاڑی پر حملے کے بعد آج(ہفتہ) کو شام 4بجے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔