نواب شاہ ،ٹریفک حادثے میں جاں بحق 21 بچوں ، دو اساتذہ اور وین ڈرائیور کی نماز جنازہ دولت پور کے مین بازار میں ادا کی گئی، دولت پور شہر مکمل طور پر بند رہا، ہزاروں شہری نماز جنازہ میں شریک ہوئے، رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، ہر آنکھ اشکبار تھی

جمعہ 17 جنوری 2014 07:26

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء )نواب شاہ کے قریب مگسی اسٹاپ پر بدھ کی دوپہر دولت پور کے مقامی برائیٹ فیوچر پبلک اسکول کے تیس بچوں سمیت تین اساتذہ کو لے جانے والے بدنصیب اسکول وین جو حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 21 بچوں ، دو اساتذہ اور وین ڈرائیور کی نماز جنازہ دولت پور کے مین بازار میں ادا کی گئی اس موقع پر دولت پور شہر مکمل طور پر بند رہا دولت پور کے ہزاروں شہری نماز جنازہ میں شریک ہوئے اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہر دل غم سے افسردہ تھا وہ ہنستے مسکراتے معصوم چہرے جو صبح اپنی ماوٴں سے رخصت ہوتے تھے کہ امی ہم جلد واپس آئیں گے جب وہ گھروں کو پہنچے تو ان کے جسم مردہ تھے۔

اس موقع پر ایک خاتون نے زارو قطار روتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کراچی میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے ان کا ایک ہی بیٹا تھا جو اس وقت بہت چھوٹا تھا آج جب وہ ساتویں کلاس میں پہنچا تو وہ بھی حادثے کا شکار ہوگیا اس طرح اب وہ بے سہارا رہ گئیں ۔

(جاری ہے)

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 16 بچوں ، دو اساتذہ اور وین ڈرائیور کی نماز جنازہ دولت پور شہر کی مین مارکیٹ میں ادا کی گئی بعد ازاں تمام جنازوں کو مقامی امین قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا ۔

علاوہ ازیں وین حادثے کا شکار دو بچوں کی نماز جنازہ دولت پور کے قریبی گاوٴں ماڑی اور مزید دو بچوں کی نماز جنازہ گاوٴں دینو مشین میں ادا کی گئی اور انہیں مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپر خاک کردیا گیا۔ دوسری جانب حادثے کا شکار ہونے والی چھ طالبات جنہیں انتہائی تشویشناک حالت میں پیپلز میڈیکل کالج اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں رکھا گیا تھا میں سے پانچ طالبات کو کراچی کے مقامی اسپتال ریفر کردیا گیا جبکہ ایک طالبہ تاحال آئی سی یو وارڈکے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ڈاکٹروں کے مطابق مذکورہ بچی کی حالت اس قابل نہیں کہ اسے کراچی بھیجا جاسکے۔

علاوہ ازیں حادثے میں زخمی ہونے والی اسکول کی ٹیچر شازیہ جنہیں ہاتھوں اور ٹانگوں میں فریکچر ہوا تھا اسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں داخل ہیں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت قدرے بہتر ہے تاہم وہ ذہنی شاک کا شکار ہوگئیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :