عابد شیر علی کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخواہ کی عوام کو چور کہنے پر اے این پی کا سینٹ سے واک آؤٹ ، ا عتزاز احسن منا کر لے آئے ،خیبر پختونخواہ کو دی جانے والی ریالٹی 12 ارب روپے بنتی ہے جبکہ وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو سالانہ 6 ارب روپے کی ادائیگی کررہی ہے ، سینیٹر الیاس بلور

جمعرات 16 جنوری 2014 04:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء) حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواہ کی بجلی کی پیداوار پر ریالٹی کی مد پر سالانہ چھ ارب کی ادائیگی کو کم قرار دیتے ہوئے اور وزیر مملکت عابد شیر علی کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخواہ کی عوام کو بجلی چورکہنے پر عوامی نیشنل پارٹی نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو سینٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اے این پی کے سینیٹر الیاس بلور نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی منظور کردہ اے جی این قاضی فارمولے کے مطابق بجلی کی پیداوار کی مد میں خیبر پختونخواہ کو دی جانے والی ریالٹی 12 ارب روپے بنتی ہے جبکہ وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ حکومت کو سالانہ چھ ارب روپے کی ادائیگی کر رہی ہے ۔

سینیٹر عبدالنبی بنگش نے کہا کہ اے پی این قاضی فارمولے کے مطابق وفاقی حکومت خیبر پختونخواہ کی کھربوں کی مقروض ہے جس کے برعکس خیبر پختونخواہ کی عوام کو ہی چور کہا جاتا ہے جس کے بعد اے این پی ایوان سے واک آؤٹ کرگئی تاہم بعد ازاں اعتزاز احسن انہیں منا کر واپس لے آئے ۔