پاکستان میں کسی طالبان راہنماء کے قتل میں ملوث نہیں ، افغان وزارت داخلہ، طالبان راہنماؤں کی ہلاکت ان کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہوسکتی ہے‘افغان حکومت مسلح گروپوں کو امن کی میز پر لانے کیلئے کوشاں ہے، بیا ن

پیر 13 جنوری 2014 07:50

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء) افغانستان کی وزارت داخلہ نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے کہ وہ پاکستان میں کسی طالبان راہنماء کے قتل میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ نے ایک بیان میں اس تاثر کو مسترد کیا کہ افغانستان کا کوئی حکومتی ادارہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے اور کہا کہ افغان حکومت خاص طور پر ہماری سکیورٹی فورسز کسی قسم کی دہشت گردی میں ملوث نہیں۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ افغان حکومت کئی سالوں سے مسلح گروپوں کو امن کی میز پر لانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ وہ معمول کی زندگی گزار سکیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں طالبان راہنماؤں کی ہلاکت ان کے اندرونی اختلافات کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔