وزیراعظم پارلیمنٹ آتے ہیں نہ اسکو اہمیت دیتے ہیں یہ انتہائی غیر مناسب رویہ ہے،خورشید شاہ ،کل اگر کچھ ہوگا تو ذمہ دار خودہوں گے،مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف میں کافی چپقلش ہوچکی ،نواز شریف کو تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے،دہشتگردی کے معاملے پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی سے ریاست کمزور ہورہی ہے اور دہشتگردی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، خصوصی گفتگو

پیر 13 جنوری 2014 07:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13 جنوری ۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پارلیمنٹ میں نہیں آتے اور نہ ہی اس کو اہمیت دیتے ہیں یہ انتہائی غیر مناسب رویہ ہے،کل اگر کچھ ہوگا تو ذمہ دار خودہوں گے،مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف میں کافی چپقلش ہوچکی ہے،نواز شریف کو تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہئے،دہشتگردی کے معاملے پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی سے ریاست کمزور ہورہی ہے اور دہشتگردی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ نواز شریف پارلیمنٹ میں نہیں آتے اور نہ ہی اہمیت دیتے ہیں یہی ایوان ہے جہاں سے وہ وزیراعظم بنے ،پتہ نہیں وہ کیوں پارلیمنٹ آنے سے گریز کرتے ہیں،انہیں اجلاس میں شرکت کرنی چاہئے،انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزیراعظم ہر سیشن میں موجود ہوتے تھے اسی لئے قانون سازی ہوتی تھی اور اراکین بحث میں حصہ لیتے تھے،موجودہ قومی اسمبلی میں ابھی تک کوئی قانون سازی نہیں ہوئی،سینیٹ کے اجلاس میں کوئی ایجنڈا نہیں ہے،وزیراعظم کا پارلیمنٹ کے ساتھ رویہ غیر مناسب ہے،اگر کل کچھ ہوتا ہے تو وہ خود اس کے ذمہ دار ہوں گے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پانی بجلی کے ایشو پر وفاق اور صوبہ خیبرپختونخوا میں کافی تلخ کلامی ہوئی ہے،مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف میں چپقلش چل رہی ہے،نواز شریف کو چاہئے کہ وہ تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلیں،انہوں نے کہا کہ حکومت کو طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے فیصلہ کرنا چاہئے،حکومت کیوں عوام کو تکلیف میں ڈالنا چاہتی ہے،حکومت کی مجرمانہ خاموشی سے ریاست کمزور ہورہی ہے،وزیراعظم نواز شریف خوش نصیب ہیں کہ ان کو اتنی بڑی سپورٹ حاصل ہے مگر وہ ابھی تک اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے،ملک میں دہشتگردی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے،خیبرپختونخواہ میں جو واقعات ہوئے ہیں تحریک انصاف کی حکومت کیوں ان پر خاموش ہے۔