رحیم یار خان،متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے صدر سے و زیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی ملاقات،دو طرفہ معاملات پر تقریبا 40منٹ تک گفتگو کی ،دونوں ممالک میں موجود تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق، یواے ای صدر نے وزیر اعظم نواز شریف اوروزیر اعلی پنجاب کو متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی،دعوت قبول کر لی گئی،متحدہ عرب امارات کے صدر دس روزہ نجی دورے کے بعد واپس وطن روانہ

اتوار 12 جنوری 2014 07:29

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جنوری۔2013ء) متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النیہان دس روزہ نجی دورے کے بعد گزشتہ روز رحیم یار خان سے واپس اپنے وطن روانہ ہو گئے۔چولستان میں واقع چاندنہ ائر پورٹ پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر اعلی حکام نے انہیں الوداع کیا اس موقع پر ائر پورٹ لاؤنج میں تینوں رہنماؤں نے دو طرفہ معاملات پر تقریبا 40منٹ تک گفتگو کی ۔

اس دوران ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النیہان نے ان کے نجی دورہ پاکستان کے موقع پر ان کے لئے کئے گئے غیر معمولی انتظامات پر وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اوروزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میاں نواز شریف شریف اور میاں شہباز شریف علیحدہ علیحدہ طیاروں میں لاہور کے لئے روانہ ہو گئے۔یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النیہان نے اپنے دس روزہ نجی دورہ پاکستان کو دوران رحیم یار خان اور روجھان میں واقع اپنی نجی شکار گاہوں میں ہرن اور تلور کا شکار کیا اور اس موقع پر ان کے لئے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے جبکہ ان کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ان کی اپنی سیکورٹی کے کمانڈوز بھی ان ساتھ ساتھ رہے۔