اسلام آباد ‘ چیئرمین سینیٹ کااعلیٰ افسران کی دوہری شہریت سے متعلق نامکمل معلومات مہیا کرنے پر اظہار ربرہمی ‘ معاملہ استحقاق کمیٹی کے سپرد

ہفتہ 11 جنوری 2014 07:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جنوری۔2014ء) حکومت کی جانب سے سینیٹ میں اعلیٰ افسران کی دوہری شہریت سے متعلق نامکمل معلومات مہیا کرنے پر چیئرمین سینیٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھجوا دیا جمعہ کو سینٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر چالیس اعلیٰ بیورو کریٹس کے پاس دوہری شہریت ہے۔

(جاری ہے)

جن میں سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دو افسران‘ ریونیو ڈویژن کے چار ‘ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے چھ‘ خزانہ ڈویژن کا ایک ‘ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے چھ‘ سمندر پارپاکستانیز ایک‘ صنعت کے دو‘ کیڈ کے ایک ‘ مواصلات کے ایک ‘ نادرا کے سات‘ پٹرولیم کے ایک‘ ریلوے کے دو‘ بلوچستان حکومت کے چھ‘ دیگر کے نام شامل ہیں حکومت پنجاب نے جواب نہیں دیا خیبر پختونخواہ میں کوئی بھی دوہری شہریت کا حامل افسر نہیں ہے اس موقع پر سینیٹرصغرا امام نے کہا کہ یہ پرانا سوال تھا مگر اس کے باوجود مکمل جواب نہیں دیا گیا بیورو کریسی پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتی جس پر چیئرمین سینٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھجوا دیا۔