امریکہ،پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کی کانگریس کی امور خارجہ کی کمیٹی کے ارکان سے الگ الگ ملاقاتیں،پاکستانی سفیر نے پاکستانی قیادت اور عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا،دونوں ارکان کو دورہ پاکستان کی دعوت

جمعہ 10 جنوری 2014 03:15

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جنوری۔2013ء)پاکستان کے امریکہ میں نئے سفیر جلیل عباس جیلانی نے اپنے تعلقات کار کیلئے امریکی ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کی کمیٹی کے چےئرمین ایڈرائس اور کمیٹی کے رکن ایلیٹ اینجل سے بدھ کے روز الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں،پاکستانی سفیر نے دونوں کانگریس ارکان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے،پاکستانی سفیر نے انہیں پاکستان کی قیادت اور عوام کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے،پاکستان کے سفارتخانے نے کہا ہے کہ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات میں وسیع تر مسائل پر گفتگو زیر بحث آئے،سفیر نے امریکہ کی طرف سے پاکستان میں جمہوریت کی مسلسل حمایت کو نمایاں کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام دل سے اس کی قدر کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار خصوصاً پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں امریکی تعاون قابل تعریف ہے،پاکستانی سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کانگریس کے رکن ایڈرائس نے تجارت اور کاروبار پر توجہ مرکوز کرکے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت سے اتفاق کیا،کمیٹی کے رکن اینجل نے کہا کہ علاقائی تبدیلیوں کیلئے پاکستان اور امریکہ کے مابین قریبی اور مسلسل تعاون ضروری ہے،پاکستانی سفیر نے دونوں ارکان کانگریس کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔