میڈیاکو پرویز مشرف کے علاوہ عوام کے دیگر مسائل کو بھی اجاگر کرنا چاہیے،مولانافضل الرحمن،سابق صدر کا معاملہ اب عدالت میں ہے، عدلیہ ہی یہ معاملے طے کریگی،بیان

جمعہ 10 جنوری 2014 03:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10جنوری۔2013ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ میڈیاکو پرویز مشرف کے علاوہ عوام کے دیگر مسائل کو بھی اجاگر کرنا چاہیے، سابق صدر کا معاملہ اب عدالت میں ہے اور عدلیہ ہی یہ معاملے طے کریگی۔ ترجمان جان اچکزئی کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے کہاہے کہ جنرل مشرف کے معاملہ پر میڈیا ایک حصار میں چلا گیا جس پر افسوس ہے کیونکہ اس کے باعث ملک کے دیگر مسائل اجاگر نہیں ہورہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں امن وامان کی صورتحال، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ جیسے دیگر مسائل ہیں مگر میڈیا کی توجہ صرف ایک مسئلہ پر ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہاکہ پرویز مشرف کا معاملہ عدالت نے طے کرنا ہے، اس سے ہمیں کوئی دلچسپی نہیں تاہم 3 نومبر کا اقدام جزوی اقدام تھا جس میں پارلیمنٹ، نظام، وزیراعظم اور سوائے چند شقوں کے آئین موجود تھا جبکہ 12 اکتوبر کو جمہوریت اور نظام و آئین کی بساط لپیٹ دی گئی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ مشرف کے معاملے کے حصار سے نکلیں اور عوام کودرپیش دیگر مسائل پر بھی اپنی توجہ دیں۔