چین کے تعاون سے چار نئے ایٹمی بجلی گھر لگائے جائیں گے،خواجہ آصف، چین کی پن بجلی کمپنی تھری گورجزکا پاکستان میں توانائی کے شعبے میں پانچ ارب ڈ الر کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی کا اظہار، پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر 70 ارب یوآن کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، چیئرمین ایگزم بینک

جمعرات 9 جنوری 2014 07:52

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبوں میں چین کے تعاون سے جوہری توانائی کیپیداوار کے لئے چار نئے ایٹمی بجلی گھر لگائے جائیں گے جبکہ چین کی پن بجلی پیداوار کی کمپنی تھری گورجزنے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں پانچ ارب ڈ الر کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔

بیجنگ میں منعقدہ انرجی فورم میں چین کے ایگزم بینک کے چیئرمین لی وارگانگ سے ملاقات میں خواجہ آصف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر چیئرمین کا شکریہ ادا کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے چین کی کمپنیاں دلچسپی لے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے اور پاک چین دوستی کا ثبوت ہے ۔ جبکہ چیئرمین ایگزم بینک لی وارگانگ نے کہا کہ ان کا ارادہ پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر 70 ارب یوآن کی سرمایہ کررہا ہے جن میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور اور اقتصادی راہداری کے بنیادی ڈھانچے کے پروگرام بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دورہ چین کے موقع پر وفاقی وزیر خواجہ آصف کی سربراہی توانائی وفد نے پاکستان کے کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کیلئے جائزہ لینے والی ہائیڈل کمپنی تھری گورجز کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں پر تھری گورجز کے چیئرمین چن شی نے خواجہ آصف کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی پاکستانی وزیر کا تھری گورجز ہیڈکوارٹر کا یہ پہلا دورہ ہے وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے تھری گورجز کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی حکومت اور نجی کمپنیاں پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کررہے ہیں جس کو پاکستانی حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کررہی ہے خواجہ آصف نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی تھری گورجز کمپنی پاکستان میں کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرے جس پر تھری گورجز کے چیئرمین نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں توانائی کے شعبے میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا ۔ دریں اثناء بیجنگ میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے پاک و چین کے اقتصادی راہ داری کے صدر چنگ چوچانگ سے ملاقات کی اور ملاقات میں اقتصادی راہداری میں سرمایہ کاری سمیت ہائیڈرل پاور کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز خواجہ محمد آصف نے پاک چین کے اقتصادی راہداری کے صدر چنک چون چانگ سے بیجنگ میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر خواجہ محمد آصف نے کے ون اور کے ٹو میں منصوبوں پر سرمایہ کاری کرنے پر چنگ چو چانگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے چار نئے انرجی بلاکس بنائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انرجی سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے وفاقی وزیر نے دس ارب ڈالر کی خطیررقم اقتصادی راہداری کیلئے مختص کرنے پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

اس سے قبل خواجہ محمد آصف نے چین کی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے سربراہ دوچن چیان سے بھی تفصیلی ملاقات کی ۔ بدھ کے روز خواجہ محمد آصف نے بیجنگ میں چین کی نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے سربراہ دو چن چیان سے طویل ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے چین کی طرف سے پاکستان میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں چین کے تعاون کو سراہا انہوں نے قومی توانائی کے سربراہ دو چن چیان کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی تاکہ توانائی کے شعبے میں مزید منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لیا جاسکے جبکہ دوچن چیان نے بھی خواجہ آصف کو پاکستان میں بجلی کی سہولیات پوری کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :