خصوصی عدالت میں فریقین کے وکلاء کے درمیان نرم گرم جملوں کا استعمال،فاضل دوست اکرم شیخ گرم پانی پی کر ماحول کو گرما دیتے ہیں،انورمنصور،نور منصور کو اعتراض ہے تو وقفے کے بعد عدالت میں نہیں آئیں گے،اکرم شیخ، آپ انور منصور کی خواہش پوری کرنا چاہیں تو آپ کی مرضی،جسٹس فیصل عرب کا تبصرہ

جمعرات 9 جنوری 2014 07:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جنوری۔2014ء)سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت میں مقدمہ کے پراسیکیوٹر اکرم شیخ اور سابق صدر کے وکلاء کے درمیان نوک جھونک کا سلسلہ جاری،اکرم شیخ کی عدالت سے گرم پانی پینے کی استدعا اور انور منصور کی جانب سے گرم پانی پی کر ماحول کو گرمانے پر فریقین کے وکلاء کے درمیان دلچسب جملوں کا تبادلہ۔

بدھ کے روز خصوصی عدالت میں مقدمہ کی سماعت کے موقع پر فریقین کے کلاء کے درمیان نوک جھونک کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر جاری رہا ۔مقدمہ کی سماعت کے دوران روسٹرم پر موجود اکرم شیخ نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ انہیں گرم پانی پینے کی اجازت دی جائے جس پر جسٹس فیصلہ عرب نے کہا کہ آپ گرم پانی پیئں یا ٹھنڈا یہ آپ کی مرضی پر منحصر ہے ۔

(جاری ہے)

کچھ دیر بعد اکرم شیخ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں دلائل مکمل کرنے کے لئے ایک گھنٹے کا وقت دیا گیا جبکہ دوسرے فریق کو 100 گھنٹے دیدیئے گئے۔

اس پر پرویز مشرف کے وکیل انور منصور نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فاضل دوست اکرم شیخ گرم پانی پی کر ماحول کو گرما دیتے ہیں،اکرم شیخ کل عدالت میں نہیں تھے تو ماحول پرسکون تھا۔یہ گرم پانی پی کر ماحول بھی گرما دیتے ہیں جس پراکرم شیخ نے کہا انور منصور کو اعتراض ہے تو وہ وقفے کے بعد عدالت میں نہیں آئیں گے۔جسٹس فیصل عرب نے مسکراتے ہوئے اکرم شیخ سے کہا کہ آپ انور منصور کی خواہش پوری کرنا چاہیں تو آپ کی مرضی ۔

متعلقہ عنوان :