قومی اسمبلی کی دفاع کمیٹی کا ملکی سلامتی پر خفیہ اداروں سے ان کیمرہ بریفنگ لینے،وزیرستان کے دورہ اور تینوں مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز میں جانے کا فیصلہ

بدھ 8 جنوری 2014 04:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8جنوری۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے ملک میں سلامتی کی صورتحال کے بارے میں خفیہ اداروں سے ان کیمرہ بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ کمیٹی دفاعی فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حمایت کے اظہار کیلئے وزیرستان بھی جائے گی ، کمیٹی تینو ں مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کرے گی تاکہ ان کی کارکردگی اور طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کرسکے ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز قائمہ کمیٹی کے چیئرمین شیخ روحیل اصغر نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ قائمہ کمیٹی جلد ہی تینوں مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرے گی اور ان کے طریقہ کار اوران کو درپیش چیلنجز کے بارے میں معلومات حاصل کرے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ کمیٹی آئندہ اجلاسوں میں خفیہ اداروں سے ملک میں امن وامان اور سلامتی کی صورتحال کے بارے میں ان کیمرہ بریفنگ بھی لے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قائمہ کمیٹی جلد ہی دفاعی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اپنی حمایت کے اظہار کیلئے وزیرستان کا بھی دورہ کرے گی تاکہ وہاں پر جاری دہشتگردوں اور عسکریت پسندوں کیخلاف آپریشن میں پاک فوج کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :