مسلم لیگ (ن)طالبان کی ترجمان سیاسی جماعت ہے ، وفاقی حکومت کو جلد ٹف ٹائم دیا جائیگا،غداری وطن کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، معصوم پاکستانیوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، پاک فوج کی عزت و قار عطا کیا جائیگا، دہشتگردوں کے خارجی اہداف کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دینگے، شہدائے وطن سے تجدید عہد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں شہداء کے خون سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، قومی امن کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ

منگل 7 جنوری 2014 08:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء)مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ہونیوالے قومی امن کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیاگیا، محب وطن کونسل کا اعلان کرتے ہوئے اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ مسلم لیگ (ن)طالبان کی ترجمان سیاسی جماعت ہے ، وفاقی حکومت کو جلد ٹف ٹائم دیا جائیگا،غداری وطن کی کسی کو اجازت نہیں دینگے، معصوم پاکستانیوں کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، پاک فوج کی عزت و قار عطا کیا جائیگا، دہشتگردوں کے خارجی اہداف کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دینگے، شہدائے وطن سے تجدید عہد کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں شہداء کے خون سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام ہونیوالے قومی امن کنونشن کا اعلامیہ تقریباً 20 گھنٹے بعد جاری کردیاگیا، اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ ملک بھر میں محبان وطن قوتوں کو یکجا کریں گے، بلاتفریق مذہب و مسلک وطن عزیز کو بچانے کی جدوجہد کریں گے، پاک فوج کو عزت اور وقارعطا کریں گے، اور اس کو اس کا حقیقی مقام دلائیں گے،ملک بھر میں حقیقی عوامی قوتوں کی تائید و حمایت سے دہشتگردوں کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا ماحول مہیا کریں گے، دہشتگردوں اور فرقہ پرستوں کو تنہا کریں گے اور ہر اس عمل کیخلاف عوامی جدوجہد کا اعلان کرتے ہیں جس کا ہدف دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کو حکومت میں شامل کرنا ہو۔

(جاری ہے)

شہداء کے مقدس لہو سے تجدید عہد کرتے ہوئے وعدہ کرتے ہیں کہ اس خون پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیں گے۔قاتلوں کو جو پاکستان کے قاتل ہیں معاف نہیں کریں گے اور کسی صورت ان کے اہداف کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے۔ ملک کے چاروں صوبوں اور پھر ضلعی سطح پر مشترکہ امن کانفرنسزکا انعقاد کریں گے۔ آئین پاکستان سے غداری کی اجازت نہیں دیں گے۔وطن عزیز میں غیر ملکی مداخلت اور امریکی و سعودی اہداف کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ماہ ربیع الاول کو ماہ امن و محبت و استحکام پاکستان کے طور پر مناتے ہوئے تمام عاشقان رسول (ص)میلاد النبی (ص)کو تاریخی شرکت سے منائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی کی حکومت کو سیاسی طالبان قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں ٹف دینے کا وعدہ کرتے ہیں۔ محب وطن کونسل کے قیام کا اعلان کرتے ہیں جس میں ملک بھر سے تمام معتدل مذہبی و سیاسی و سماجی قوتوں کو اکھٹا کریں گے اور وطن عزیز کے طول وعرض میں وطن پرستی کے پیغام کو پھیلائیں گے۔

آج سے ایک ایسی جدوجہد کا اعلان کرتے ہیں جس کا ہدف پاکستان کو بچانا ہے۔ اس تحریک کو نبی اکرم (ص) کے مقدس نظام کی رہنمائی میں چلائیں گے۔واضح رہے مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کو نقص امن کی خاطر حکومت نے کنونشن سینٹر میں پروگرام کی اجازت نہیں دی تھی جس کے بعد انہوں نے ڈی چوک میں کنونشن کا انعقاد کیا اور اس اقدام کو دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے حکمران جماعت مسلم لیگ ن کو طالبان کی سیاسی جماعت قرار دیدیا۔

کنونشن میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس جعفری، سینیٹر فیصل رضا عابدی علامہ امین شہیدی، مسیحی، سکھ، ہندو،عیسائی برادری کے نمائندوں اور سنی اتحاد کونسل و ایم ڈبلیو ایم کے دیگر مرکزی قائدین نے شرکت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :