وادی تیرہ میں کالعدم لشکراسلام کے مرکز پر دھماکا، 10 افراد ہلاک، 6 زخمی،دھماکے کے نتیجے میں لشکر اسلام کے مرکز کو بھی شدید نقصان پہنچا ، دھماکا نصب شدہ بارودی مواد کے باعث ہوا ،باعث ہلاک ہونے والوں میں 3 کا تعلق لشکر اسلام ، دیگر 7 افراد عام شہری بتائے گئے،ذرائع،ہنگو میں سرکاری سکول کے باہر خودکش دھماکہ‘ ایک طالبعلم جاں بحق‘ ایک زخمی‘ دھماکے کے بعد کوہاٹ اور جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔ کالعدم لشکر جھنگوی نے خودکش حملہ کی ذمہ دار قبول کرلی ، بنوں گرلز پرائمری سکول کو بھی بم دھما کے سے اڑا دیا گیا ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

منگل 7 جنوری 2014 08:01

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء ) لنڈی کوتل کے علاقے وادی تیرہ میں کالعدم لشکر اسلام کے مرکز پر دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 6 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر ایجنسی میں لنڈی کوتل کے علاقے وادی تیراہ میں لشکر اسلام کے مرکز میں دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 6 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے نتیجے میں لشکر اسلام کے مرکز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق دھماکا نصب شدہ بارودی مواد کے باعث ہوا جب کہ دھماکے کے باعث ہلاک ہونے والوں میں 3 کا تعلق لشکر اسلام جب کہ دیگر 7 افراد عام شہری بتائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھرہنگو کے علاقے ابراہیم زئی میں سرکاری سکول کے باہر خودکش دھماکے میں ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا‘ زخمی طالبعلم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو منتقل کردیا گیا جبکہ جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا‘ ادھر بنوں میں بھی گرلز پرائمری سکول کو بھی دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تفصیلات کے مطابق ہنگو میں یہ دھماکہ صبح آٹھ بجے کے قریب اس وقت ہوا جب خودکش حملہ آور نے گاڑی سے اتر کر ہنگو سے دو کلومیٹر دور ابراہیم زئی کے علاقے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے اندر جانے کی کوشش کی تاہم سکول کا گیٹ بند ہونے کی وجہ سے اس نے خود کو گیٹ کے سامنے ہی اڑادیا جس کے نتیجے میں دو طالبعلم زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کردیا گیا جہاں ایک طالبعلم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ کوہاٹ روڈ اور جی ٹی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا دوسری جانب کالعدم لشکر جھنگوی کے ترجمان علی سفیان نے نامعلوم مقام سے ایک نجی ٹی وی کو فون کرکے ہنگواسکول پرخودکش حملہ کی ذمہ دار قبول کرلی ہے۔ دریں اثنا ء بنوں میں گرلز پرائمری اسکول میں دو دھماکے ہوئے تاہم دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق حوید میں واقع گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول میں علی الصبح دو دھماکے ہوئے۔ بارودی مواد پھٹنے سے اسکول کی عمارت مکمل تباہ ہوگئی۔ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں۔