دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید اور معذور قومی ہیرو ہیں‘ جنرل راحیل شریف،مادر وطن کیلئے جان اور قیمتی اعضاء سے بڑی کوئی قربانی نہیں ہوتی‘ہرممکن ریلیف دینگے، آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن کے دورے کے موقع پر خطاب

منگل 7 جنوری 2014 07:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7جنوری۔2014ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں شہید اور زخمی ہونے والے فوجیوں کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جان اور قیمتی اعضاء سے بڑھ کر کوئی بڑی قربانی نہیں ہو سکتی،قوم کو ان جوانوں پر فخر ہے ‘ فوج ان کی قربانیوں کا پوری طرح اعتراف کرتی ہے جبکہ زخمی فوجی کی زندگیوں کو پرسکون بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پیر کو آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ برائے ری ہیبلیٹیشن میڈیسن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے لئے کسی جان کی قربانی سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ قربانی دینے والوں کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے اور زخمی ہونے والے جوانوں کوخراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج قربانی دینے والوں کی قدر کرتی ہے زخمی سپاہیوں کی قربانیوں کا بھرپور اعتراف کرتے ہیں آرمی چیف نے اس موقع پر ری اسٹیبلمنٹ ووکیشنل تربیتی سنٹر کا افتتاح کیا۔ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن آف میڈیسن کے دورے کے موقع پر آرمی چیف کو انسٹیٹیوٹ کے تحت ہونے والے کاموں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے انسٹیٹیوٹ میں سہولتوں کے معیار، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے عزم کو سراہا۔ قبل ازیں انسٹیٹیوٹ پہنچنے پر پاک فوج کے سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل اظہر راشد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔