2014ء تبدیلی کا سال ہوگا، اس میں پورے ملک کی تقدیر بدلے گی، عمران خان ، خیبر پختونخوا میں اختیارات اوپر کی سطح سے نچلی سطح تک عام لوگوں کو منتقل کئے جا رہے ہیں جو اس ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے، اعلیٰ سطح بریفنگ سے خطاب

پیر 6 جنوری 2014 08:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6جنوری۔ 2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 2014ء پاکستان کیلئے ایک تبدیلی کا سال ہوگا اور اس میں پورے ملک کی تقدیر بدلے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اختیارات اوپر کی سطح سے نچلی سطح تک عام لوگوں کو منتقل کئے جا رہے ہیں جو اس ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔یہ بات انہوں نے خیبر پختونخوا میں اٹھائے جانے والے اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، سپیکر اسد قیصر، ایم این اے جہانگیر ترین، چیف سیکرٹری محمد شہزاد ارباب، وزیرتعلیم محمد عاطف، وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی، پی ٹی آئی کے ایم این ایز، ایم پی ایز اور دوسرے اہم رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

بریفینگ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پورے ملک کی نظرین خیبر پختونخوا میں حکومتی اقدامات پر لگی ہوئی ہیں جہاں پر میرٹ کی بنیاد پر ایک جامع نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور ان کی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پر بہت زیادہ اصلاحاتی کام ہو رہا ہے جس پر بہت جلد عملی کام شروع ہو جائیگا۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ اب کے بعد انہیں ہر مہینے ایک سکور گارڈ بنایا چاہئے جس پر ان کی حکومت کی کارکردگی بہت واضح طور پر تحریری کرکے اسے عوام تک پہنچانے کا بندوبست کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اب ایک اور لیول کی جنگ لڑ رہا ہے جس کیلئے اسے اور زیادہ تندہی سے کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم خیبر پختونخوا میں اچھی کارکردگی دکھا سکیں گے تو اس کی بنیاد پر ہم پورے ملک میں آئندہ الیکشن جیت سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا کیلئے وہ کام کریں گے جو کوئی اور نہیں کر سکے گا۔ عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کو صوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول بنانے کی ہدایت کی ہے جس سے صوبے میں نہ صرف بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کاری کریں گے بلکہ صوبہ پنجاب کے سرمایہ کار بھی اس سلسلے میں بڑی بے چینی سے سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں بیش بہا قدرتی وسائل ہیں جس کے بارے میں جدید خطوط پر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اس کی طرف راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائی جانے والی معدنیات میں سرمایہ کاری سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے قلعہ بالا حصار کے حصول کیلئے اسمبلی میں قرار داد پاس کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قلعہ بالا حصار کو ایک سنٹرل ٹورسٹ سپاٹ بنایا جا سکتا ہے جس سے صوبے میں سیاحتی ترقی کو فروغ مل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی سے ڈنڈے کے ذریعے نہیں بلکہ ترغیب اور بہتر رویہ کے ذریعے اچھا کام لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کے تعاون کے بغیر ترقی کا عمل شرمندہ تعبیر نہیں کیا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :