طالبان مذاکرات کیلئے تیار ہیں،حکومت ڈرون حملے بند کروانے کی گارنٹی دے،مولانا سمیع الحق،علی حیدر گیلانی طالبان کے پاس ہیں جلد بازیاب ہوجائینگے، امن کے قیام کیلئے حکومت فاٹا میں اسلامی نظام نافذ کرے،نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 5 جنوری 2014 07:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ طالبان حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں،حکومت مذاکرات کے دوران ڈرون حملے بند کروانے کی ضمانت دے،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی طالبان کے ایک گروپ سے دوسرے کو منتقل کردئیے گئے ہیں،امن کے قیام کیلئے حکومت فاٹا میں اسلامی نظام نافذ کرے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کرانے کیلئے وفاقی حکومت نے باقاعدہ پیغام دیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف بھی امن کے قیام کیلئے طالبان سے مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مسلم لیگ(ن) کی حکومت بھی سابقہ حکومت کی پالیسیوں پر چل رہی ہے،وفاقی حکومت ڈرون رکوانے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالے اور طالبان سے مذاکرات کیلئے ڈرون حملے بند کروانے کی گارنٹی دے،امن کیلئے فوج اور حکومت کو ایک ہی صف پر ہونا چاہئے،مذاکرات میں جرگے کی نمائندگی کو ترجیح دینی چاہئے تب ہی قبائلی علاقوں میں امن قائم ہوسکتا ہے،انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت بھی پرویز مشرف کی پالیسیوں پر گامزن رہی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی حکومت بھی انہیں پالیسیوں پر عمل کر رہی ہے،دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا چاہئے،فوجی آپریشن امن کا حل نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ افغانستان اور امریکہ میں امریکی مداخلت نے امن کو تباہ کردیا ہے،امریکی انخلاء کے بعد امن ناممکن ہے۔