پروپیگنڈا کرنے والے سندھ کے عوام کے دوست نہیں، الطاف حسین

اتوار 5 جنوری 2014 07:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جو عناصر سندھ کے عوام کو آپس میں لڑانے کے لیے اشتعال انگیزی کررہے ہیں اور نفرتوں پر مبنی پروپیگنڈے کررہے ہیں وہ سندھ اور اس کے عوام کے دوست نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق الطاف حسین نے کراچی کے الہٰ دین پارک گراؤ نڈ میں جلسے کی تیاریوں میں مصروف کارکنوں سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سندھ محبتوں کی دھرتی ہے، وہ عناصر جو سندھ دشمنوں کے ایجنٹ ہیں وہ حقوق کی آوازبلندکرنے پر ایم کیو ایم کے خلاف زہریلے پروپیگنڈے کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام ان عناصر کو جانتے ہیں اور انہیں بار بار مسترد کرتے آئے ہیں، کراچی سے کشمور تک تمام حق پرست سندھی، مہاجر،پنجابی، پختون ، بلوچ،سرائیکی ،کشمیری، گلگتی ، بلتستانی سمیت تمام زبانیں بولنے والے عوام ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔