الطاف حسین کے بیان پر سندھ کے عوام میں اشتعال ہے ، قائم علی شاہ ، الطاف کہتے تھے کہ میں سندھ کا سپوت ہوں ،اب ذرا سی ناراضگی پر سندھ کیوں توڑنا چاہتے ہیں ،متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات پر آئندہ دو روز میں گورنر سندھ سے بات کریں گے ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 جنوری 2014 07:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء)وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے بیان پر سندھ کے عوام میں اشتعال ہے ، الطاف حسین کہتے تھے کہ میں سندھ کا سپوت ہوں ،اب ذرا سی ناراضگی پر سندھ کیوں توڑنا چاہتے ہیں ،متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات پر آئندہ دو روز میں گورنر سندھ سے بات کریں گے ۔وہ ہفتہ کو سندھ سیکریٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔

سید قائم علی شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ بلدیاتی نظام اور حلقہ بندیوں پر ناراض ہوئی ۔حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن نے کرائی ہیں ،سندھ حکومت نے نہیں جبکہ بلدیاتی ایکٹ اتفاق رائے سے پاس کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ دوسری جماعتوں نے بھی اس پر دستخط کیے اور بلدیاتی قانون کی حمایت کی تھی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں اور بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کا معاملہ اب عدالت میں ہے ،جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے مطابق اپنا لائحہ عمل تیار کریں گے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا شفاف انعقاد ان کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیاں یا بلدیاتی نظام سندھ کے عوام کے خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ تھرکول منصوبے سمیت متبادل ذرائع سے توانائی کے منصوبوں میں تاخیر کا مسئلہ وفاق کے سامنے اٹھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کی مشاورت سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت مل کر توانائی بحران سے نمٹنا چاہتے ہیں ۔میں نے نواز شریف کو دعوت دی ہے کہ تھرکول منصوبے کا مشترکہ سنگ بنیاد رکھنے کے لیے وہ سندھ آئیں ۔انہوں نے کہا کہ پانی بجلی سمیت سندھ کے کئی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔