پرویز مشرف معصوم ہیں یا مجرم،فیصلہ عدالت کرے گی،نوازشریف،ان کیخلاف مقدمے میں اصل مدعی پاکستان کی ریاست اور آئین ہے کیونکہ تین نومبر کو آئین توڑا گیا اور پاکستان کی بطور ریاست توہین ہوئی،انٹرویو

اتوار 5 جنوری 2014 07:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5جنوری۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کرنا عدالت کاکام ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف معصوم ہیں یا مجرم؟ ،قانون کی نظر میں ہر شہری برابر ہے تو ہر شہری کو عدالت کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کوانٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کیخلاف مقدمے میں اصل مدعی پاکستان کی ریاست اور آئین ہے کیونکہ تین نومبر کو آئین توڑا گیا اور پاکستان کی بطور ریاست توہین ہوئی ، اب عدالت کو فیصلہ کرلینا چاہئے کہ ہماری ریاست قانون کی پاسداری کرنے والی ریاست ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہے لیکن اس حوالے سے یہ ضرور کہوں گا کہ اس مقدمے میں اصل مدعی پاکستان کی ریاست اور آئین ہے کیونکہ عدالت کو فیصلہ کرنا ہے کہ تین نومبر کو ریاست کی دنیا کے سامنے توہین ہوئی ہے کہ نہیں اور عدالت کو طے کرنا ہے کہ تین نومبر کو پاکستان کے آئین کو پامال کیا گیا کہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب عدالت کو ہی فیصلہ کرنا ہوگا کہ تین نومبر کا اقدام آرٹیکل 6 کے زمرے میں آتا ہے یا نہیں اور سابق صدر کیخلاف مقدمہ فرد واحد کیخلاف نہیں بلکہ تاریخ کے موڑ پر فیصلہ ہوجانا چاہئے کہ پاکستان اپنا آئین اور نظام رکھنے والی جمہوری اور مہذب ریاست ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر قانون کے سامنے ہر شہری برابر ہے تو ہر شہری کو جوابدہ بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اب مشرف بے قصور ہیں یا مجرم ، یہ فیصلہ عدالت کوہی کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :