فرنٹیئر کور بلوچستان کے عملے نے دو مختلف کارروائیوں میں ضلع راجن پور سے اغواء ہونے والے اور صوبہ پنجاب کے علاقے خانیوال سے لائے جانے والے مزدوروں کو بیگار کیمپ سے بازیاب کراکر دو اغواء کاروں کو گرفتار کرلیا

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)فرنٹیئر کور بلوچستان کے عملے نے دو مختلف کارروائیوں میں ضلع راجن پور سے اغواء ہونے والے اور صوبہ پنجاب کے علاقے خانیوال سے لائے جانے والے مزدوروں کو بیگار کیمپ سے بازیاب کراکر دو اغواء کاروں کو گرفتار کرلیا یہ بات فرنٹیئر کور کے جی ون کرنل محمداعظم نے فرنٹیئر کور کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ8اکتوبر2013ء کو ضلع راجن پور کے علاقے فاضل پور کے سول ہسپتال سے حافظ الٰہی بخش کو نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا اور اغواء کاروں نے ان کے اہل خانہ سے ان کی بازیابی کیلئے30لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گزشتہ روز فرنٹیئر کور کے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر27دسمبر2013ء کو منگچر کے علاقے چھپرڈھلوں میں نصراللہ کے گھر پر چھاپہ مار کر حافظ الٰہی بخش کو بحفاظت بازیاب کرالیا پہاڑی علاقہ ہونے اور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اغواء کار فرارہونے میں کامیاب ہوگئے انہوں نے بتایا کہ اغواء میں ملوث ملزمان پنجاب میں بھی اغواء برائے تاوان کے متعدد کیسوں میں مطلوب ہیں فرنٹیئر کور کا عملہ کوشش کررہا ہے کہ اغواء کاروں کوگرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے انہوں نے بتایا کہ فرنٹیئر کور کے عملے نے ایک اور کارروائی میں پشین کے علاقے سیمزئی میں موجود ایک بیگار کیمپ پر چھاپہ مار کر پنجاب کے علاقے خانیوال سے لائے جانے والے 10مزدوروں کو قید رکھ کر ان سے جبری مشقت لی جاتی اور رات کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا جنہیں بازیاب کراکر ان کی نگرانی پر مامور دو اغواء کار خالقداد اور محمدصادق کو گرفتار کرلیا کرنل محمداعظم نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ مزدور خانیوال کے رہائشی ہیں انہیں یکم دسمبر کو طارق نامی ٹھیکیدار نے پنجاب سے بلاکر نیاز نامی اغواء کار کے حوالے کیا جو دن کو ان سے جبری مشقت لیتا اوررات کو زنجیروں کے ساتھ باندھ دیتا تھا اور یہ مزدور گزشتہ ایک ماہ سے اغواء کاروں کے قبضے میں تھے جن کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھاجارہا تھا انہوں نے کہا کہ فرنٹیئر کور کا عملہ صوبے میں قیام امن کویقینی بنانے کیلئے یہ کارروائیاں جاری رکھے گا انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل محمداعجاز شاہد نے کامیاب کارروائی پر عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :