یو ایس ایف فنڈ سے ٹیکس کی مد میں 6 ارب روپے کی کٹوتی کی، انوشہ رحمن ، فنڈز کے استعمال کا مقصد تبدیل نہیں ہوا، 2013-14ء کے منصوبوں کے لئے پہلی قسط جاری کر دی گئی،سینٹ میں اظہا ر خیا ل

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن خان نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے یو ایس ایف فنڈ سے ٹیکس کی مد میں 6 ارب روپے کی کٹوتی کی ،اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ یکم جون 2013ء کو یو ایس ایف فنڈ کی مالیت تقریباً 62 ارب روپے تھی۔جمعہ کوسینٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہاکہ یو ایس ایف فنڈ کا مقصد پاکستان کے سہولیات سے محروم، کم سہولت یافتہ دیہی اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو مواصلات کی خدمات فراہم کرنا ہے، یکم جون 2013ء کو یو ایس ایف فنڈ کی مالیت تقریباً 62 ارب روپے تھی۔

انہوں نے بتایا کہ یو ایس ایف فنڈ وفاقی مشترکہ فنڈ میں رکھا جائے گا اور وزارت خزانہ بجٹ کے طریقہ کار کے ذریعے ان قوانین میں وضع کردہ طریقہ کار کی پیروی میں یو ایس ایف کو فنڈز جاری کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایف فنڈ کے استعمال کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں ہوتی ہیں، اس فنڈز کے استعمال کا جو مقصد ہے وہ تبدیل نہیں ہوا اور 2013-14ء کے منصوبوں کے لئے پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قانون کی خلاف ورزی ہوتی رہی اب ایسا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے اس فنڈ سے ٹیکس کی مد میں 6 ارب روپے کی کٹوتی کی یہ اسے ایسا نہیں کرنا چاہیے۔