پاکستان اورامریکہ کے مذاکرات بہتراندازمیں چل رہے ہیں: پاکستانی سفیر ، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ ساتھ اہم طاقتوں کے ساتھ تعلقات کے بارے میں مثبتپالیسی پر عملدرآمد کر رہا ہے، جلیل عباس جیلانی

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:41

وا شنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاک امریکہ مذا کرا ت بہتر انداز میں چل رہے ہیں اور کافی حد تک معاملات حل کر لئے گئے ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ میں اسناد سفارت جمع کرانے اور امریکہ کے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنز کے ساتھ ملاقات کے بعد واشنگٹن میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ وہ ایک مثبت پیغام کے ساتھ واشنگٹن آئے ہیں تاکہ پاکستان امریکہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔

سفیر نے کہا کہ اس نے خصوصی نمائندے جیمز ڈوبنزکے ساتھ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے غیرملکی فوجوں کے انخلاء کے بعد افغانستان میں امن عمل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیاہے۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ ڈائیلاگ بہتر انداز میں چل رہے ہیں اور کافی حد تک معاملات حل کر لئے گئے ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ ساتھ اہم طاقتوں کے ساتھ تعلقات کے بارے میں مثبت پالیسی پر عملدرآمد کر رہا ہے۔