اسلام آباد ، سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ، اہلسنت و الجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ اور رکن اسد محمود جاں بحق،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ، دونوں افراد کی نعشیں پمز ہسپتال منتقل کردی گئیں،مفتی منیر معاویہ گولڑہ جارہے تھے کہ آئی ایٹ میں فرقان چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا ،ر انہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے، ترجمان اہلسنت و الجماعت کا کئی علاقوں میں احتجاج

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء) اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی گاڑی پر فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ اور رکن اسد محمود جاں بحق ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی شام اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ تھری میں 2 نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اہلسنت و الجماعت کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار منیر معاویہ اور ان کے ساتھی اسد محمود موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ دونوں افراد کی نعشیں پمز ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اہلسنت و الجماعت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مفتی منیر معاویہ گولڑہ جارہے تھے کہ آئی ایٹ میں فرقان چوک پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور انہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے واضح رہے کہ اہلسنت و الجماعت کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ ایک دن قبل ہی 30ساتھیوں سمیت اڈیالہ جیل سے رہا ہوئے تھے ۔

فائرنگ کے واقع کی اطلاع ملتے ہی اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے نعشوں کو پمز لے جانے سے روک دیا اور سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا مظاہرین نے فرقان چو ک میں سڑک بلاک کردی اور نعشیں پولیس کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے