کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے تحریک انصاف کا موقف بالکل واضح ہے ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں پانی کے ذخائر قومی اتفاق رائے دہی سے تعمیر کیے جائیں،عمران خان

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین کی جانب سے کالا باغ ڈیم پر تحریک انصاف کے اصولی موقف کو جان بوجھ کر منتازعہ بنانے کی کوششوں پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے تحریک انصاف کا موقف بالکل واضح ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک میں پانی کے ذخائر قومی اتفاق رائے دہی سے تعمیر کیے جائیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اس وقت تک غور کیا جانا ممکن نہیں جب تک اس کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے قومی سطح پر نہیں ابھرتا۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی جیسی جماعتیں جو کہ گذشتہ پانچ برس تک خیبر پختونخوا میں عوام کی خدمت میں یکسر ناکام رہیں اب تحریک انصاف کے واضح اور اصولی موقف کو مسخ کر کے اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا ایسا کوئی بھی منصوبہ جو صوبائی اکائیوں کے مابین نفرت اور تقسیم کی بنیاد بنتا ہو ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ تحریک انصاف قومی سطح کی جماعت ہے اور ملک میں بسنے والے تمام طبقات کے تحفظ اور قومی اتفاقِ رائے سے معاملات حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔