پاکستان چین سے ایٹمی پاور پلانٹ تعمیر کرانے والا پہلا ملک بن گیا،کراچی کے 2 ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کیلئے ساڑھے 6ارب ڈالر کا قرض چین کا سرکاری بینک ادا کرے گا ، پاکستانی عوام چینیوں کو بھائی کے طور پر سمجھتے ہیں اس زمرے میں کوئی دوسرا ملک نہیں آتا‘فنانشل ٹائمز

جمعہ 3 جنوری 2014 07:55

لند ن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)رطانوی اخبار”فنانشل ٹائمز“ لکھتا ہے کہ پاکستان میں ملٹری ہارڈ ویئر اور ایٹمی ٹیکنالوجی کی فراہمی سے چین کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان پہلا ملک ہوگا جہاں چین پہلی بار ایٹمی پلانٹ تعمیر کرے گا۔کراچی کے دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے ساڑھے چھ ارب ڈالر کا قرض چین کا سرکاری بینک ادا کرے گا جسے پاکستان20برس میں واپس لوٹائے گا۔

اسلام آباد میں ایک سنیئر مغربی سفارت کا ر کا کہنا ہے کہ کراچی منصوبے کے لئے اتنی بھاری چینی سرمایہ کاری ایک بہت اہم اشارہ ہے اور چینی یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ ہم پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مصائب کرنے میں مدد دینا چاہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق چین نے جوہری توانائی کے لئے 6.5ارب ڈالر کا قرض دے کر پاکستان کے ساتھ تعلقات کومضبوط کیا۔

(جاری ہے)

کراچی میں دو ایٹمی بجلی گھروں کی تعمیر کے لئے اتنی بھاری رقم پاکستان میں کسی بھی ایک منصوبے کے لئے سب سے بڑی چینی سرمایہ کاری ہے۔ کراچی میں بجلی کا یہ منصوبہ ملکی پیداواری صلاحیت میں 15فی صد اضافے کا سبب بنے گا۔مئی میں چینی بینک کی طرف سے 60کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سمیت دیگر چینی منصوبے دونوں ایشیائی ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرتے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ چین کے بڑھتے روابط میں اضافے پر تجزیہ کار کہتے ہیں کہ کراچی کے منصوبے کی مالی امداد اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ چین کے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔اخبار لکھتا ہے کہ کراچی کے ساڑھے چھ ارب ڈالر کا قرض جنوبی ایشیا میں چین کی موجودگی کی ویسی ہی مثال ہے جو پاکستان ،سری لنکا،بنگلادیش اور میانمر میں بنیادی ڈھانچے اور تعمیراتی منصوبوں میں کی جا رہی ہے۔

اخبار نے پاکستانی حکام کے حوالے سے لکھا کہ کراچی کے K2اورK3منصوبوں کے لئے چین کی طرف سے فراہم کیا جانے والا قرض چین کا سرکاری ایگزم بینک فراہم کرے گا جسے آئندہ 20برس میں واپس کیا جائے گا۔ماضی میں مغربی دنیا کی طرف سے پاکستان کو سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی تک رسائی کی تردید کی جاتی رہی۔اسلام آباد میں ایک سینئر وزارت خارجہ کے اہلکار نے کہا کہ چین کو بڑے پیمانے پر پاکستان کا مخلص دوست ملک سمجھا جاتا ہے پاکستانی عوام چینیوں کو بھائی کے طور پر سمجھتی ہے اس زمرے میں کوئی دوسرا ملک نہیں آتا۔