وزارت خارجہ میں6گھنٹے بلیک آؤٹ،بیرون دنیا سے رابطہ کٹ گیا،آئیسکو ماہرین وجوہات کا پتہ لگانے میں ناکام،حکام کا ہنگامی اجلاس،جنریٹر لانے کا فیصلہ،دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ بھی ایک روز کیلئے ملتوی کر دی گئی

جمعہ 3 جنوری 2014 07:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)وزارت خارجہ میں پہلی مرتبہ6گھنٹے کیلئے بلیک آؤٹ،دفترخارجہ کا دنیا کے ساتھ رابطہ منقطع ہوگیا،آئیسکو بلیک آؤٹ کی وجوہات کا پتہ لگانے میں ناکام ہوگیا،بلیک آؤٹ کے باعث دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ ملتوی کردی گئی،وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ہنگامی طور پر بلائے گئے اجلاس میں بیک اپ جنریٹر رکھنے اور اس مقصد کیلئے ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،جمعرات کے روز صبح کے وقت اچانک وزارت خارجہ میں بلیک آؤٹ ہوگیا،جس پر فوری طور پر آئیسکو کے انجینئرز بلائے گئے مگر وہ بھی خرابی کی وجوہات کا پتہ لگانے میں ناکام ہوگئے،دفتر خارجہ کی بجلی وی آئی پی لائن سے منسلک تھی،بلیک آؤٹ کے باعث دفتر خارجہ کی کمیونیکیشن سائبر اور تمام رابطے منقطع ہوگئے،6گھنٹے کے بعد دوسری لائن کے ساتھ بجلی لگا کر عارضی طور پر بحال کی گئی،جس کے بعد وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران کا اجلاس ہوا جس میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بیک اپ جنریٹر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور جلد بیک اپ جنریٹر کیلئے اشتہار دے کر ٹینڈر جاری کیا جائے گا،جمعرات کے روز دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ بھی ہونا تھی جو بلیک آؤٹ کے باعث ملتوی کردی گئی،دفتر خارجہ کی بریفنگ آج (جمعہ کو) ہوگی۔

متعلقہ عنوان :