یقین نہیں آتا ڈرپوک مشرف نے کبھی وردی بھی پہنی تھی ، بلاول بھٹو ،پرویز مشرف کی بیماری ، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی، بلاول بھٹو زرداری نے مشرف کو بزدل کہا تو متحدہ کے رہنما ؤ ں نے ان کے بیان کو افسوس ناک قرار دے ڈالا،انکل الطاف کو گمراہ کیا جارہا ہے، بلاول کا جوابی تبصر ہ

جمعہ 3 جنوری 2014 07:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یقین نہیں آرہا کہ ڈرپوک مشرف نے کبھی وردی بھی پہنی تھی ۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ امید ہے کہ پرویز مشرف جلد صحت یاب ہوکر عدالت میں پیش ہوں گے ۔ یقین نہیں آرہا کہ ڈرپوک مشرف نے کبھی وردی بھی پہنی تھی ۔

سابق صدر جنر ل (ر )پرویز مشرف کی بیماری کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان الفاظ کی جنگ چھڑ گئی۔ پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر پرویز مشرف کو بزدل کہ دیا جس پر متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما محمد انور نے ان کے بیان کو افسوس ناک قرار د یا۔

(جاری ہے)

بلاول نے جوابی تبصرے میں کہا کہ انکل الطاف کو گمراہ کیا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف کی بیماری کی آزاد میڈیکل بورڈ سے تصدیق کرانی چاہیے اور غداری کیس سے فرار کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔ بلاول کا کہنا تھا انہیں یقین نہیں آتا کہ بزدل پرویز مشرف نے کبھی بہادر اور جرآت مند فوج کا یونی فارم پہنا تھا۔بلاول بھٹو زرداری کے اس بیان ایم کیو ایم کے رہنماؤ ں کا کہنا تھا کہ بلاول نے جو تضحیک آمیز تبصرہ کیا ہے وہ بہت افسوس ناک ہے۔

رابطہ کمیٹی کے رکن محمد انور نے کہا کہ پرویز مشرف کو بزدلی کاطعنہ دینے سے پہلے بلاول یہ نہ بھولیں کہ سوئس عدالتوں میں مقدمات سے ان کے والد آصف زرداری اس قدر خوف زدہ ہوگئے تھے کہ انہوں نے پیشی سے بچنے کے لیے ڈائی مینشیا یعنی پاگل پن کے سرٹیفکیٹس عدالت میں پیش کردیے تھے۔متحدہ کے ایک اور رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کسی پارٹی کے چیئرمین کو بیان دینے سے پہلے زبان اور گفتگو کا خیال رکھنا چاہیے، ملک نازک صورتحال سے دوچار ہے،اس موقع پر ایسا بیان بلاول کو زیب نہیں دیتا۔

ایم کیو ایم کے رہنما ؤ ں کے بیان پر ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انکل الطاف حسین کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ گزشتہ 5 برسوں میں ایم کیو ایم نے آمریت کے داغ دھونے کی کوششیں کی ہیں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ اب ایم کیو ایم کے اندر موجود الطاف مخالف لوگ ایم کیو ایم کو نقصان پہنچارہے ہیں۔