سال 2014ء کا پہلا ازخود نوٹس ، چیف جسٹس نے سی ڈی اے کی جانب سے مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں گندگی اور کوڑا کرکٹ پھینکنے بارے ازخود نوٹس لے لیا ،ر چیئرمین سی ڈی اے ڈی جی تحفظ مالیاتی ایجنسی سے ملاقات کریں اور تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کریں ،ہدایت

جمعہ 3 جنوری 2014 07:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3جنوری۔2014ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے سال 2014ء کا پہلا ازخود نوٹس لے لیا ۔سی ڈی اے کی جانب سے مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں گندگی اور کوڑا کرکٹ پھینکنے کے حوالے سے ازخود نوٹس لیا گیا ہے اور چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی ہے وہ ڈی جی تحفظ مالیاتی ایجنسی سے ملاقات کریں اور اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ عدالت میں پیش کریں ۔

کچہرے کو مستقل بنیادوں پر تلف کرنے کے حوالے سے ایک دوررس پلان بھی ترتیب دیا جائے بلکہ اور اس پراسیس کو جاری رکھا جائے اور تمام معاملات کے حوالے سے دو ہفتوں میں رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی جائے ۔ چیف جسٹس نے ایک مقامی انگریزی اخبار کی خبر پر نوٹس لیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اے نے مارگلہ پہاڑیوں کو گندا کرنا شروع کردیا ہے حالانکہ مارگلہ کی پہاڑیاں اسلام آباد کی خوبصورتی کا مظہر ہیں لیکن شہر کے منصوبہ ساز اسے گندا کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

حالانکہ سی ڈی اے نے مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں ایک بورڈ بھی نصب کررکھا ہے جس میں اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور دیگر ماحولیات دشمن معاملات نہ کرنے کی ہدایت کررکھی ہے اور اپنی پوزیشن یہ ہے کہ خود ہی کوڑا کرکٹ اور گندگی پھینک کر مارگلہ پہاڑیوں کو آلودہ اور بدصورت بنارہے ہیں ۔