فوج کسی کا ذاتی ادارہ نہیں‘ فوجیوں نے مشرف کے دفاع نہیں پاکستان کے دفاع کا حلف اٹھایا ہے‘ پرویز رشید،حکومت مہنگائی روکنے کی کوشش کررہی ہے‘ وفاقی وزیر اطلاعات کی مقامی اخبار کی سالگرہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 جنوری 2014 04:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2جنوری۔2014ء) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ فوج کسی کا ذاتی ادارہ نہیں ہے‘ فوجیوں نے حلف پرویز مشرف کے دفاع کا نہیں اٹھایا بلکہ پاکستان کے دفاع کا اٹھایا ہے۔ حکومت مہنگائی روکنے کی کوشش کررہی ہے اسلام آبادمیں ایک مقامی اخبار کی سالگرہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف نے فوج کو تین دفعہ اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی ،پہلے نوکری بچانے کیئے کوشش کی،دوسری مرتبہ وردی میں منتخب ہونے کیلئے فوج کو استعمال کرنے کی کوشش کی اور اب جرائم سے بچنے کیلئے فوج کو استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی کسی قبائلی سردار کا لشکر نہیں ہے بلکہ قومی ادارہ ہے وہ ملک و قوم کیلئے اپنی خدمات وقف کر تیہے کسی فرد واحد کے لئے نہیں‘ فوج وہ کام نہیں کرتی جس کا آئین میں ذکر نہیں‘ فوج آئین میں رہتے ہوئے کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں سے مہنگائی نہیں بڑھ رہی، مشرف نے جو مہنگائی کی بنیادیں رکھیں تھیں ان کو گرانے کی کوشش کررہے ہیں اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں دنیا میں بڑھتی ہیں لیکن وزیراعظم نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا اور عوام کو پانچ روپے سے زائد کی سبسڈی دی ہے۔