دہشتگردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے،وزیراعظم کی قیادت میں افواج پاکستان نے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے شروع کیا ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں،افواج پاکستان ، رینجرز اور پولیس آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے

وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی لاہور دھماکے کی مذمت

جمعرات 23 فروری 2017 21:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے لاہور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتے،وزیراعظم کی قیادت میں افواج پاکستان نے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے شروع کیا ،وفاقی اور صوبائی حکومتیں،افواج پاکستان ، رینجرز اور پولیس آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگومیں وزیر مملکت نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملوں سے کسی قسم کا آپریشن بند نہیں ہوگا۔حکومت اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کیخلاف لڑتے رہیں گے۔عوام کی حفاظت کیلئے اور بھی آپریشن کرنے پڑے تو کریںگے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ دنوں دہشتگردی کے واقعات پر میڈیا نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔میڈیا سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کریگا۔

میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کا حوصلہ بلند رکھے،خوف و ہراس پھیلانا ہی دہشت گردوں کا مقصد ہے ،قوم کے حوصلے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے جڑے ہوئے ہیں۔میڈیا اپنے کیمروں سے عوام کے عزم ، امید اور حوصلے کو بڑھائے ،بطور وزیراطلاعات میڈیا سے درخواست ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری سے دہشتگردی کے واقعات کو رپورٹ کریں۔دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے قوم مزید مضبوط اور عوام حوصلہ مند ہوئے ہیں۔ہم سب کو متحد ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے ۔جب تک آخری دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہوگا وزیراعظم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔