پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کا پانچواں اجلاس

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترک ہم منصب بن علی یلدرم کے ہمراہ اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی تجارت، توانائی، معیشت، تعلیم، مواصلات اور ثقافت و سیاحت سمیت 6 شعبوں میں تعاون کے حوالہ سے بات چیت

جمعرات 23 فروری 2017 19:42

انقرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کا پانچواں اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا جس میں تجارت، توانائی، معیشت، تعلیم، مواصلات اور ثقافت و سیاحت سمیت 6 اہم شعبوں میں تعاون کے حوالہ سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ترک ہم منصب بن علی یلدرم کے ہمراہ وزیراعظم ہائوس میں کونسل کے اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر، وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور سینئر اعلیٰ حکام بھی اپنے ترک ہم منصبوں کے ہمراہ اجلاس میں شریک تھے۔ اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل اکتوبر 2009ء میں ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان کے دورہ پاکستان کے دوران قائم کی گئی تھی، یہ پاکستان اور ترکی کے مابین اعلیٰ سطحی ادارہ جاتی میکنزم ہے۔

(جاری ہے)

آغاز میں اسے اعلیٰ سطحی تعاون کونسل کے طور پر قائم کیا گیا اور 2013ء میں اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کونسل کے عنوان سے اس کا دائرہ کار وسیع کیا گیا۔ یہ کونسل دونوں ممالک کے وزراء اعظم کی مشترکہ صدارت میں مشترکہ کابینہ اجلاس کے طور پر کام کرتی ہے۔ کونسل کا چوتھا اجلاس فروری 2015ء میں اسلام آباد میں ہوا تھا جس کی صدارت وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ ترک وزیراعظم احمد دائود اوغلو نے کی تھی۔