Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کی ڈیفنس میں دھماکے کی شدید مذمت ،قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

واقعہ کی تحقیقات کاحکم، انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب،ذمہ داروں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت دہشت گردوں کو معصوم پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہو گا ،شہباز شریف

جمعرات 23 فروری 2017 20:30

وزیر اعلی پنجاب کی ڈیفنس میں دھماکے کی شدید مذمت ،قیمتی انسانی جانوں ..
لاہور۔23 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف نے ڈیفنس کے علاقے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے۔ وزیر اعلی نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلی نے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔

وزیراعلیٰ نے دھماکے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں ، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاںبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اس واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے اورمعصوم زندگیوں سے کھیلنے والے پاک دھرتی پر بوجھ ہیں۔انہوںنے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد اور پرعزم ہے‘ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے مضبوط ارادوں کو کمزور نہیں کرسکتی‘ دہشت گردوں کو معصوم پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہو گا۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :