پاناما کیس کا اثر : پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 23 فروری 2017 17:28

پاناما کیس کا اثر : پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 فروری۔2017ء) پاناما کیس کا اثر پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں پر بھی دکھائی دیا۔سپریم کورٹ کے لارجر بینج نے اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تو اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔جمعرات کو پی ایس ایکس کا بینچ مارک 100 انڈیکس 80.61 پوائنٹس (0.16 فیصد) اضافے کے بعد 49 ہزار 62 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مجموعی طور پر 92 انڈیکس کمپنیوں کے 11 کروڑ 37 لاکھ 80 ہزار شیئرز کا لین دین ہوا جس کی مجموعی مالیت 9.33 ارب روپے رہی۔ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کار حماد امان نے بتایا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز منفی انداز سے ہوا اور اس میں 500 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی کیوں کہ سرمایہ کار پاناما کیس میں پیش رفت کا انتظار کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں دھماکے کی اطلاع نے بھی کاروبار کو متاثر کیا۔

حماد امان نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ محفوظ کیے جانے کے بعد مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور اس کے ایس ای 100 انڈیکس 80 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند ہوا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مجموعی طور پر 26 کروڑ 61 لاکھ 70 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 13.03 ارب روپے رہی۔387 کمپنیوں کے شیئرز کی لین دین کی گئی جن میں سے 158 کے شیئرز کی قدر میں اضافہ، 212 کی قدر میں کمی جبکہ 17 کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

سب سے زیادہ ایک کروڑ 96 لاکھ 20 ہزار شیئرز کے الیکٹرک لمیٹڈ کے خریدے و فروخت کیے گئے جبکہ عائشہ اسٹیل ملز کے ایک کروڑ 94 لاکھ 10 ہزار، پاور سیمنٹ لمیٹڈ کے ایک کروڑ 52 لاکھ 70 ہزار، ٹی ا?ر جی پاک لمیٹڈ کے ایک کروڑ 39 لاکھ 80 ہزار اور سوئی سدرن گیس کے ایک کروڑ 93 ہزار شیئرز کا کاروبار ہوا۔