چین سے کچرا اٹھانے والی22 گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں، مزید 143 گاڑیاں جلد پہنچ جائیں گی،وزیر بلدیات جام خان شورو

جمعرات 23 فروری 2017 15:27

چین سے کچرا اٹھانے والی22 گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں، مزید 143 گاڑیاں جلد ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2017ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ شہر قائد میں صفائی کے لئے چین سے کچرا اٹھانے والی22 گاڑیاں کراچی پہنچ گئی ہیں، مزید 143 گاڑیاں جلد پہنچ جائیں گی۔ جمعرات کو کراچی پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جام خان شورو نے کہا کہ کراچی میں نئے باب کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور شہر کو جلد کچرے سے صاف کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سائوتھ اور ایسٹ میں آئندہ چند روز کے اندر چین کی کمپنی صفائی ستھرائی کا انتظام سنبھال لے گی، کمپنی کو26 ڈالر فی میٹرک ٹن کے حساب سے ٹھیکہ دیا گیا ہے جس میں گاڑیوں کی تمام مرمت اور دیگر کی ذمہ دار چائنا کی کمپنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینوں کی کراچی میں آمد کے بعد صفائی ستھرائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز سے استدعا ہے کہ کراچی میں صفائی کے جدید نظام میں وہ ہمارا ساتھ دیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ چین سے کوڑے دان کی جگہ کنٹینرز20 ہزار کی تعداد میں کے ایم سی ورکشاپ پہنچ چکے ہیں، جلد ہی کراچی کے دو اضلاع میں صفائی کا جدید نظام متعارف کرا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کا یہ جدید نظام جلد ہی صوبہ بھر میں پھیلادیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ خود کچرا اٹھانے والی گاڑی چلا کر پورٹ سے باہر لائے۔ ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اے ڈی سنجرانی، چیئرمین ڈسٹرکٹ سائوتھ ملک محمد فیاض، چیئرمین سجن یونین ڈوالفقار شاہ، نیاز سومرو اور دیگر بھی کراچی پورٹ پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :